آئیڈیاز 2022 نجی کمپنی کی بم پروف گاڑیاں توجہ کا مرکز بن گئیں

ان گاڑیوں کو ہینڈ گرنیڈ اور دو کلو تک بارودی مواد کا دھماکا کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا


Raheel Salman November 17, 2022

دفاعی ہتھیاروں کی نمائش آئیڈیاز میں نجی شعبے کی جانب سے ملک میں ہی تیار کردہ مسلح افواج کو فراہم کی گئی بم پروف بکتر بند اور دیگر گاڑیاں بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دفاعی ہتھیاروں کی نمائش آئیڈیاز میں نجی شعبے کی جانب سے ملک میں ہی تیار کردہ مسلح افواج کو فراہم کی گئی بم پروف بکتر بند اور دیگر گاڑیاں بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز رہیں، بکتر بند گاڑی دو کلو تک دھماکا خیز مواد کا دھماکا برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے جب کہ اس میں ہائی ڈیفنیشن تین سو ساٹھ ڈگری کا کیمرا بھی نصب ہے۔

ذرائع ایکسپریس نیوز کا کہنا ہے کہ پاکستان کی نجی کمپنی تیار کردہ بکتر بند گاڑی ایک عرب ملک کے حکام کو اس قدر پسند آئی کہ انہوں نے گاڑیوں کا آرڈر بھی دے دیا۔

ایکسپو سینٹر میں اپنے اسٹال پر ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے نجی کمپنی کے سی ای او خالد یوسف نے بتایا کہ مسلح افواج کو ایک سال میں چوبیس بم پروف بکتر بند گاڑیاں فراہم کی جاچکی ہیں جب کہ دیگر گاڑیاں تیاری کے مراحل میں ہیں ، گاڑیوں کو بلٹ پروف اور بم پروف بنانے کا پلانٹ بن قاسم میں لگایا گیا ہے ، بکتر بند گاڑی میں آٹھ افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جبکہ ہتھیار رکھنے کے لیے بھی جگہ مختص کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بکتر بند پر بارہ ہینڈ گرنیڈ بھی پھینکے جائیں تو اس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ، یہ گاڑی دو کلو تک دھماکا خیز مواد سہنے کی صلاحیت رکھتی ہے جب کہ اس سے زائد پر گاڑی کو محض جزوی نقصان پہنچے گا۔

خالد یوسف کا کہنا تھا کہ بکتر بند میں ہائی ڈیفنیشن کا تین سو ساٹھ ڈگری کا کیمرا بھی نصب کیا گیا ہے جس سے کئی کلومیٹر دور تک کی صورتحال کا جائزہ کیا جاسکتا ہے۔

انہو نے بتایا کہ فائرنگ کرنے کی جگہ کو بھی بلٹ پروف بنایا گیا ہے جب کہ اسے بھی تین سو ساٹھ ڈگری پر گھمایا جاسکتا ہے ، گاڑی کے ٹائر میں رن فلیٹ لگائے گئے ہیں جو کسی بھاری دھماکے میں پھٹ جانے کے باوجود کم از کم 50 کلومیٹر تک کا سفر طے کرسکیں گے۔۔

کمپنی کے سی ای او نے مزید کہا کہ عالمی معیار کے تحت گاڑیوں کو بلٹ پروف اور بم پروف بنایا جاتا ہے اور اس سلسلے میں تمام تر سرٹیفکیشن بھی موجود ہے، بکتر بند کے علاوہ مسلح افواج کی ضروریات کے مطابق ہائی ایس گاڑی ، بلٹ پروف ڈائس اور دیگر لگژری گاڑیاں بھی تیار کی جاتی ہیں ، کئی غیر ملکی مندوبین نے ان کے اسٹال کا دورہ کیا جب کہ ایک عرب ملک نے انھیں بکتر بند گاڑیوں کا آرڈر بھی دے دیا ہے جس سے پاکستان کا نام ایک مرتبہ پھر نہ صرف عرب ممالک میں بلکہ پوری دنیا میں روشن ہوگا۔

خالد یوسف کا کہنا تھا کہ اس سے قبل ملک کی کئی معروف شخصیات جن میں سیاست دان ، کھلاڑی ، بزنس مین اور دیگر شامل ہیں نے ان کی کمپنی سے بم پروف گاڑیاں بنوائی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔