ضلع کرم میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ 3 اہلکار شہید 2 دہشت گرد ہلاک

صوبیدار شجاع، نائیک محمد رمضان اور سپاہی عبدالرحمان بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہو گئے، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک December 29, 2022
فوٹو: فائل

قبائلی علاقے ضلع کرم میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ سے 3 اہلکار شہید جبکہ 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے اور ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 43 سالہ صوبیدار شجاع محمد، 32 سالہ نائیک محمد رمضان اور 30 سالہ سپاہی عبدالرحمان بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آرکے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے، علاقے میں موجود دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے کا کلیرنس آپریشن جاری ہے۔

وزیراعظم کی شہدا کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت

وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع کرم کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی پر پاک آرمی کو خراج تحسین پیش کیا اور شہدا کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کی۔

وزیر اعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آہنی عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے، پاکستان کی سلامتی کو چیلنج کرنے والوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم کی دعائیں اپنی بہادر افواج کے ساتھ ہیں، میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔

صدر مملکت کی شہدا کے لواحقین سے ہمدردی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شہدا کے لواحقین سے ہمدردی اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف قوم کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے سیکورٹی فورسز اور قوم کی کوششیں جاری رہیں گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں