بگ بیش کو ’چمکانے‘ کیلیے ڈالرز کی آنچ دی جائے گی

سیلری کیپ سے ہٹ کر بھی ٹیمیں مزید کھلاڑیوں سے معاہدے کرسکیں گی


Sports Desk April 27, 2023
ٹاپ 6 پلیئرز 2 لاکھ ڈالرز فی کس کمائیں گے، ویمنز کیلیے بھی ڈرافٹ ہوں گے۔ فوٹو: بگ بیش

بگ بیش کو 'چمکانے' کیلیے ڈالرز کی آنچ دی جائے گی جب کہ سیلری کیپ سے ہٹ کر بھی ٹیمیں مزید کھلاڑیوں سے معاہدے کرسکیں گی۔

آسٹریلوی ٹی 20 لیگ بگ بیش کی مقبولیت میں اضافے کیلیے مزید اقدامات کا اعلان کردیا گیا، کئی قوانین میں تبدیلی بھی کی گئی ہے، ٹیموں کو اب سیلری کیپ سے باہر بھی کھلاڑیوں کے ساتھ معاہدے کرنے کی اجازت مل گئی جس سے وہ بعد میں بھی اپنے اسکواڈ میں ردوبدل کرسکتے ہیں۔

اس نئے قانون کے تحت ایونٹ کیلیے دستیابی یقینی نہ ہونے پر بھی سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ پلیئرز سے معاہدے کیے جاسکیں گے، یہ قدم اسٹیون اسمتھ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی وجہ سے کیا گیا، 2021 اور 2022 میں کوویڈ کی وجہ سے انٹرنیشنل سیریز کے التوا پر اسمتھ فارغ تھے، مگر پہلے سے کسی کلب کے ساتھ معاہدہ نہ ہونے کی وجہ سے وہ لیگ نہیں کھیل پائے۔

یہ بھی پڑھیں: بگ بیش لیگ؛ میچ دیکھنے آنے والوں کو ہیلمٹ ساتھ لانے کا مشورہ

اس لیے اب کلبز کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ 3 ملین ڈالر کی سیلری کیپ سے باہر بھی کم سے کم 2 اضافی پلیئرز کے ساتھ معاہدے کرسکتے ہیں، ان کے ساتھ 50 ہزار ڈالر کی ڈیل ہوگی، اگر وہ انٹرنیشنل سیریز ملتوی، کسی تبدیلی یا پھر ٹیم سے ڈراپ ہونے کی صورت میں اپنے کلب کو دستیاب ہوئے تب 50 ہزار ڈالر بنیادی ڈیل اور ہر میچ کے 30 ہزار ڈالر لینے کے اہل ہوجائیں گے۔ ایسے کرکٹرز کو دیا جانے والا معاوضہ پھر اگلے برس کی سیلری کیپ سے منہا کرلیا جائے گا۔

کلبز اس بار اپنے ٹاپ 6 پلیئرز کو کم سے کم 2 لاکھ ڈالر دیں گے ، ٹاپ ویمن کھلاڑیوں کیلیے کم سے کم معاوضہ 50 ہزار ڈالر ہوگا، اس بار ویمنز بگ بیش کیلیے بھی پلیئرز کا ڈرافٹ ہوگا، کلبز صرف مارکیٹنگ کیلیے بھی ٹاپ آسٹریلوی فاسٹ بولرز سے معاہدے کرسکیں گے، کام کا بوجھ سنبھالنے کی وجہ سے انھیں کھیلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔