میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا آئندہ دس روز میں بلدیاتی الیکشن لڑنے کا اعلان

نومنتخب میئر نے کے ایم سی بلڈنگ میں اپنے فرائض سنبھال لیے


Staff Reporter June 20, 2023
فوٹو: فائل

نومنتخب میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے آئندہ دس روز میں بلدیاتی الیکشن لڑنے اور شہر کی ترقی کیلئے روڈ میپ کا اعلان کردیا۔

مرتضیٰ وہاب نے 27 ویں میئر کی حیثیت سے کے ایم سی بلڈنگ میں اپنے فرائض سنبھال لیے، انہوں نے اپنے منصب کا چارج سنبھالنے سے پہلے مزار قائد پر حاضری دی، بابائے قوم کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔

فریئر ہال میں ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد اور پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ تنقید کا جواب کام سے دینگے، پیپلزپارٹی شہر میں ترقی کا ایسا نظام لائے گی جو سب کو نظر آئے گا، اتحادی جماعتوں اور پارٹی قیادت کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اعتماد کیا، شہر کو بے ہنگم بنا دیا گیا ہے یہ شہر بہت خوبصورت ہے ہمیں اسے اون کرنا ہوگا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو، آصف علی زرداری، فریال تالپور اوروزیراعلیٰ سندھ کے شکرگزارہیں جنہوں نے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، اب کراچی میں کام ہوتا ہوا نظرآئے گا، ہمارے اوپرتنقید ہوگی ہم کام سے جواب دیں گے، اگلے دس دن کے اندرہم کسی ایک یوسی سے منتخب ہوکردکھائیں گے ہم ساٹھ روز کا انتظارنہیں کریں گے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا جو لوگ تنقید کرتے ہیں ہم منتخب نہیں ہیں ان کو پتہ ہونا چاہیئے کہ ہمیں سٹی کونسل نے منتخب کیا ہے ہم غیرمنتخب نہیں، ہم ن لیگ اور جے یو آئی کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں، سو دنوں میں کئی منصوبے مکمل کریں گے، پچیس پچیس کروڑ کے کام فی ٹائون کودیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تنقید کا جواب دینے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، عوامی مسائل حل کرنے کو ترجیح دیں گے، ماضی میں اختیارات کا رونا رویا جاتا تھا ہم ایسا نہیں کریں گے، کے ایم سی کو اپنے قدموں پر کھڑا کرکے شہرکی مالکی کریں گے، سیوریج کے نیا نظام لائیں گے، پانی کی فراہمی پہلی ترجیح ہے، کیماڑی میں نئے قبرستان کے لئے جگہ مختص کرلی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں