مشہور فلسطینی شاعر رفعت الیریر بھی اسرائیلی بمباری میں شہید

غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 17 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں


ویب ڈیسک December 08, 2023
فوٹو : فائل

اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں فلسطین کے معروف شاعر، پروفیسر اور کتاب "غزہ رائیٹس بیک" کے مصنف رفعت الیریر بھی شہید ہوگئے۔

فلسطینی شاعر رفعت الیریر کی شہادت کی اطلاع اُن کے دوستوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے دی، سماجی سوشل سائٹ ایکس پر رفعت کی ایک خاتون دوست نے چند تصاویر پوسٹ کیں۔

شاعر رفعت کی دوست نے شدید دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "میں یقین نہیں کرسکتی آج میں یہ لکھ رہی ہوں کہ ہمارے پیارے ڈاکٹر رفعت الیریر اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوگئے"۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ "الحمدللہ! مجھے آپ کی زندگی میں آپ سے ملنے اور آپ کی دوست بننے کی سعادت نصیب ہوئی"۔



رفعت الیریر شاعر اور مصنف ہونے کے ساتھ غزہ کی اسلامی یونیورسٹی میں انگریزی ادب کے پروفیسر بھی تھے، اُنہوں نے "غزہ رائیٹس بیک" اور "Gaza Unsilenced" کے عنوان سے دو کتابیں بھی لکھیں۔

مزید پڑھیں: غزہ کی معروف شاعرہ بھی اسرائیلی بمباری میں شہید

گزشتہ ماہ رفعت الیریر نے انگریزی زبان میں ایک نظم لکھی تھی جس کا عنوان تھا "If I must die"، اس نظم کو سوشل میڈیا پر کافی مقبولیت ملی تھی اور اب رفعت کی شہادت کے بعد اُن کے دوست اور چاہنے والے بڑی تعداد میں اُن کی یہ نظم سوشل میڈیا پر شیئر کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ اکتوبر میں غزہ پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں معروف مصنفہ، شاعرہ اور ناول نگار حبا ابوندا بھی شہید ہوگئی تھیں۔

حبا ابوندا نے اپنی شہادت سے ایک روز قبل سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا تھا جس میں اُنہوں نے کہا تھا کہ "اگر ہم مرجائیں تو جان لیں کہ ہم ثابت قدم ہیں اور ہم سچے ہیں"۔

مزید پڑھیں: اسرائیلی بمباری، معروف فلسطینی اداکارہ اپنی دو بیٹیوں سمیت شہید

واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 17 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں معصوم بچے، خواتین، شاعر، مصنف اور صحافی بھی شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں