فٹ پاتھ پر بیگ سے برآمد ہونے والی لاش کا معمہ حل

ملزم قتل کرنے کے بعد لاش کو سرجانی ٹاؤن کے علاقے میں فٹ پاتھ پر رکھ کر فرار ہوگیا تھا، پولیس


ویب ڈیسک December 15, 2023
فوٹو: ایکسپریس نیوز

سرجانی ٹاؤن اور شیر شاہ پولیس نے اندھے قتل کی وارداتوں کا معمہ حل کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا.

تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے خدا کی بستی سے گزشتہ ماہ 13 نومبر کو فٹ پاتھ پر بیگ سے ایک شخص کی لاش ملی تھی جس کی شناخت اظہر حسین کے نام سے کی گئی تھی بعدازاں پولیس نے مقتول کے بھائی کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔

ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن امجد کیانی نے بتایا کہ گرفتار ملزم طالب حسین کی بیوی ناز نے دو ڈھائی سال قبل اپنے شوہر سے طلاق لیکر مقتول اظہر حسین سے شادی کرلی تھی، ملزم طالب اپنے بیوی بچوں کے ہمراہ فیصل آباد گیا تھا جہاں اس کی اہلیہ اور اظہر حسین میں دوستی ہوگئی اور بعدازاں انھوں نے شادی کرلی جبکہ ملزم بچوں کا باپ ہے اور اس کے بچے مقتول کے ہمراہ ہی رہتے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ ملزم نے نیو کراچی یوپی سے 28 سو روپے کا سفری بیگ ، بیلٹ اور خواب آوور گولیوں خریدیں جس کے بعد وہ اظہر حسین سے بچوں سے متعلق بات چیت کرنے کے لیے اس کے گھر موسمیات غازی کالونی گیا جہاں اس نے اظہر حسین کی چائے میں خواب آوور گولیاں ڈال دیں اور بعدازاں اسے قتل کرنے کے بعد لاش بیگ میں ڈال کر رکشے سوار ہو کر سرجانی ٹاؤن کے علاقے میں آکر بیگ فٹ پاتھ رکھ کر فرار ہوگیا۔

دریں اثنا شیر شاہ پولیس نے اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے واردات میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گزشتہ ہفتے گلبائی چوک کے پاس واقع برف کارخانہ کے چوکیدار نصیب زر کی تشدد زدہ لاش ملی تھی۔

پولیس نے مقتول کے دوستوں اور رشتے داروں سے معلومات اور ٹیکنیکل ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے قاتل کا سراغ لگا کر قتل میں ملوث ملزم صالح اللہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق مذکورہ قتل کا واقع قاتل و مقتول کے درمیان ذاتی رنجش کا شاخسانہ تھا جبکہ پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔