بھارت کے سابق کرکٹر نے بالکنی سے کود کر خودکشی کرلی

ویب ڈیسک  جمعرات 20 جون 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

بنگلورو: سابق بھارتی کرکٹر ڈیوڈ جانسن نے چوتھی منزل پر موجود اپنے اپارٹمنٹ کی بالکنی سے کود کر خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سابق فاسٹ بولر 52 سالہ ڈیوڈ جانسن نے بنگلورو میں اپنے اپارٹمنٹ کی بالکونی سے چھلانگ لگاکر زندگی کا خاتمہ کیا، وہ کچھ وقت سے ڈپریشن کا شکار تھے۔

ڈیوڈ جانسن اپنے گھر کے قریب ایک کرکٹ اکیڈمی بھی چلاتے تھے، انہوں نے پسماندگان میں بیوی اور دو بچے چھوڑے ہیں۔

ڈیوڈ جانسن نے 1990 کی دہائی میں بین الاقوامی کرکٹ میں بھارت کی نمائندگی کی۔ انہوں نے اکتوبر 1996 میں آسٹریلیا کے خلاف بھارت کے لیے ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور کُل دو ٹیسٹ میچز میں شریک رہے جس میں انہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

فٹنس مسائل نے ڈیوڈ جانسن کے بین الاقوامی کیریئر کو محدود کردیا تاہم اس کے باوجود بھارتی ڈومیسٹک کرکٹ میں انکا کیریئر شاندار رہا، ڈیوڈ جانسن نے کرناٹک کے لیے 39 فرسٹ کلاس میچوں میں 125 وکٹیں حاصل کیں۔

ڈیوڈ جانسن کی المناک موت پر کرکٹ حلقوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سابق کرکٹر انیل کمبلے نے کہا کہ میرے کرکٹ کے ساتھی ڈیوڈ جانسن کے انتقال کا سن کر دکھ ہوا، ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت۔ بہت جلد چلا گیا، بینی۔

گوتم گمبھیر نے پوسٹ میں لکھا کہ ڈیوڈ جانسن کے انتقال سے غمزدہ ہوں، خدا ان کے خاندان اور چاہنے والوں کو صبر دے۔

بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے بھی سوشل میڈیا پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ سابق فاسٹ بولر ڈیوڈ جانسن کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ دلی تعزیت، کھیل میں ان کی شراکت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔