تاریخ کا دوسرا مہنگا ترین اوور؛ انگلش فاسٹ بولر نے ایک اوور میں 43 رنز کھالیے

ویب ڈیسک  بدھ 26 جون 2024
فوٹو: اے ایف پی

فوٹو: اے ایف پی

برائٹن: انگلینڈ کے فاسٹ بولر اولی رابنسن نے ایک اوور میں 43 رنز دے کر بدترین ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

بدھ کو سسیکس اور لیسٹر شائر کے درمیان انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ کے میچ میں انگلش فاسٹ بولر اولی رابنسن فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک ہی اوور میں سب سے زیادہ رنز دینے والے دوسرے بولر بن گئے۔

سسیکس کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ بولر اولی رابنسن نے ایک اوور میں 43 رنز دیے جس میں تین چوکے، پانچ چھکے اور ایک سنگل رن شامل تھا، یہ کاؤنٹی چیمپئن شپ کی تاریخ کا سب سے مہنگا ترین اوور تھا۔

اولی رابنسن نے اپنے اوور میں تین نو بالز کیں جن میں سے ہر ایک بال پر لوئس کمبر نے چھکا لگایا۔

مزید پڑھیں: ایک اوور میں 38 رنز بھی بن گئے! مگر کیسے؟

لوئس کمبر نے دوسری اننگز میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے تنہا 243 رنز بنائے جس میں 21 چھکے اور 20 چوکے شامل تھے تاہم اسکے باوجود وہ لیسٹر شائر کو میچ نہ جتواسکے اور سسیکس نے 18 رنز سے یہ میچ جیت لیا۔

واضح رہے کہ ایک اوور میں سب سے زیادہ رنز دینے کا ریکارڈ رابرٹ وینس کے پاس ہے جنہوں نے 1989-90 میں ویلنگٹن اور کینٹربری کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ایک اوور میں 77 رنز دیے تھے۔

الیکس ٹوڈور نے 1998 میں سورے اور لنکاشائر کے میچ میں ایک اوور میں 38 رنز دیے تھے، حال ہی میں ورسیٹ شائر اور سورے کے درمیان میچ میں شعیب بشیر نے ایک اوور میں 38 رنز کھائے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔