حج کے دوران 35 پاکستانی عازمین کی شہادت پر وزیراعظم کا اظہار افسوس، میتیں وطن لانے کی ہدایت

ویب ڈیسک  جمعرات 20 جون 2024
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حج کے دوران مختلف وجوہات کی وجہ سے جاں بحق ہونے والے 35 پاکستانی عازمین  کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اُن کے جسد خالی پاکستان پہنچانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے پاکستانی حجاج کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے حجاج کرام کے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیراعظم نے مکہ مکرمہ میں حجاج کرام کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور چوہدری سالک حسین اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق سے رابطہ کیا اور شہید حجاج کرام کے جسد خاکی پاکستان پہنچانے کے انتظامات کی ہدایت بھی کی۔

مزید پڑھیں: حج کے دوران 35 پاکستانی عازمین کے انتقال کی تصدیق

وزیر اعظم نے وزارت مذہبی امور اور پاکستانی سفارت خانے کے حکام کو حجاج کرام کو تمام سہولیات فراہم کرنے اور اسپتالوں میں داخل پاکستانی عازمین کیلیے طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

قبل ازیں وزارت مذہبی امور اور حج مشن کے ڈائریکٹر نے تصدیق کی کہ رواں سال کے دوران 35 عازمین فریضہ مقدسہ کی ادائیگی کے دوران انتقال کرگئے، جن میں سے 4 منی، 3 عرفات اور 2 مزدلفہ، 20 مکہ اور 6 کی مدینہ میں اموات ہوئیں۔

واضح رہے کہ رواں سال حج کے دوران شدید گرمی اور دیگر وجوہات کی وجہ سے 900 سے زائد عازمین کا انتقال ہوا ہے۔ رواں سال حج کے دوران درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔

مزید پڑھیں: گرمی سے انتقال کرجانے والے بغیر اجازت کے حج کر رہے تھے؛ سعودی سفارت خانہ

سعودی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حج کے دوران جاں بحق ہونے والے عازمین میں سے بیشتر چھپ کر یا غیر قانونی طور پر حج ادا کررہے تھے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔