سپر ایٹ راؤنڈ: بھارت نے افغانستان کو 47 رنز سے ہرادیا

ویب ڈیسک  جمعرات 20 جون 2024
فوٹو: آئی سی سی

فوٹو: آئی سی سی

بارباڈوس: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 8 مرحلے کے تیسرے میچ میں بھارت نے افغانستان کو 47 رنز سے ہرادیا۔

بارباڈوس برج ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے افغانستان کو جیت کیلئے 182 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں افغانستان کی ٹیم 20 اوورز میں 134 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔

ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی اننگز کا آغاز رحمن اللہ گرباز اور حضرت اللہ زازئی نے کیا تاہم دونوں اوپنرز جلد ہی آوٹ ہوگئے۔

افغانستان کو پہلا نقصان 13 رنز کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جبکہ 23 رنز کے مجموعی اسکور پر دوسری اور تیسری وکٹ بھی گرگئی۔

افغانستان کی طرف سے رحمت اللہ گرباز 26 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔

نجیب اللہ زادران 19، گلبدین نائب 17 محمد نبی 14، نور احمد 12 اور رحمان اللہ گرباز 11 رنز بناسکے۔

ابراہیم زادران 8، حضرت اللہ زازئی 2، راشد خان 2 رنز اور نوین الحق صفر پر پویلین لوٹ گئے، فضل حق فاروقی 4 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت کی طرف سے ارشدیپ سنگھ اور جسپریت بمراہ نے تین، تین، کلدیپ یادیو نے 2، اکسر پٹیل اور رویندر جدیجا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں بھارت نے افغانستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز اسکور کیے تھے۔

بھارت کی جانب سے سوریا کمار یادو 28 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ہاردک پانڈیا 32، ورات کوہلی 24، رشب پنت 20، اکشر پٹیل 12، شیوم ڈوبے 10، کپتان روہت شرما 8 اور رویندر جدیجا 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

افغانستان کی جانب سے کپتان راشد خان اور فضل حق فاروقی نے 3، 3 جبکہ نوین الحق نے 1 وکٹ حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔