ڈریسنگ روم میں پلیئرز کے خراٹوں کی باتیں عیاں

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 21 جون 2024
(فوٹو: انٹرنیٹ)

(فوٹو: انٹرنیٹ)

  کراچی:  ڈریسنگ روم میں پلیئرز کے خراٹوں کی باتیں پھر سامنے آگئیں، سابق ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے ٹیسٹ میچ کے دوران 4، 5 کرکٹرز کے سونے کا قصہ مائیکل وان اور ایڈم گلکرسٹ سے بھی شیئر کردیا، انھوں نے کہا کہ جب اس حرکت پر میں نے کھلاڑؤں کو ڈانٹا تو میڈیا بْرا مان گیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی انتہائی ماؤس کن رہی، امریکا کے ہاتھوں پہلے میچ میں شکست سے گرین شرٹس کا سفر دشوار ہوا،اس کے بعد بھارت کے ہاتھوں شکست نے پاکستان کے لیے آگے بڑھنے کے امکان پر تقریباً فل اسٹاپ لگا دیا، بعد ازاں ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہونا پڑا جس کی وجہ سے سابق کرکٹرز اور شائقین کی جانب سے کھلاڑؤں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

سابق پاکستانی آل راؤنڈر اور ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے ایک پروگرام میں مائیکل وان اور ایڈم گلکرسٹ سے بات چیت کے دوران کھلاڑؤں کے ڈریسنگ روم میں سونے کا انکشاف کیا، انھوں نے اس موقع پر ایڈم گلکرسٹ سے پوچھا کہ ایک ٹیسٹ کے دوران اگر کوئی کھلاڑی ڈریسنگ روم میں سو رہا ہو تو پھر کیا کیا جانا چاہیے؟ اس پر مائیکل وان نے ہنستے ہوئے پوچھا کہ کیا وہ تھکے ہوئے تھے، جس پر حفیظ نے بتایا کہ ایک میچ کے دوران جب میں ڈریسنگ روم میں گیا تو وہاں 4 سے 5 کرکٹرز سو رہے تھے جس پر میں نے بہت بْرا منایا اور انھیں کہا کہ میچ کے دوران آپ کی پوری توجہ صرف کھیل پر ہونا چاہیے۔

میچ کے بعد آپ کیا کرتے ہیں مجھے اس سے کوئی سروکار نہیں لیکن جب تک مقابلہ جاری ہے اپ لوگوں کی پوری توجہ اسی پر ہونی چاہیے، میری یہ بات میڈیا کو پسند نہیں آئی جس کی وجہ سے الٹا مجھے ہی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ یاد رہے کہ یہ واقعہ دورئہ آسٹریلیا کے دوران پیش آیا اور ’’ایکسپریس‘‘ میں اس حوالے سے رپورٹ بھی شائع ہوئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔