ٹی 20 فائنل: بارش کے باعث میچ منسوخ ہوا تو کون چیمپئن بنے گا؟

ویب ڈیسک  ہفتہ 29 جون 2024
فوٹو: آئی سی سی

فوٹو: آئی سی سی

  کراچی: بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل آج کھیلا جائے گا تاہم میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

کینسنگٹن اوول اسٹیڈیم بارباڈوس میں پاکستانی وقت کے مطابق رات 7:30 بجے فائنل میچ کا آغاز ہوگا۔ دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست رہی ہیں جس کی وجہ سے دونوں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔ بھارت دس سال بعد ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل کھیلے گا جبکہ جنوبی افریقا پہلی بار ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچا ہے۔

فائنل کے موقع پر بارباڈوس میں 50 فیصد تک بارش کا امکان ہے لیکن آئی سی سی نے میچ کے لیے اتوار 30 جون کو ریزرو ڈے کے طور پر رکھا ہے، اگر ہفتہ کو میچ بارش کی وجہ سے نہیں ہو پاتا تو پھر یہ میچ اتوار کو ریزرو ڈے میں کھیلا جائے گا۔

مزید پڑھیں: بھارت بمقابلہ جنوبی افریقہ فائنل؛ اہم معرکے میں بھی بارش کا امکان

تاہم محکمہ موسمیات نے اتوار کو بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے اور 30 جون کو بھی دوپہر کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے لیکن اگر بارش کی وجہ سے اتوار کوبھی میچ نہ ہوسکا تو آئی سی سی نے اس کے لیے 190 منٹ کا اضافی وقت رکھا ہے اور اگر اس دوران بھی بارش کی وجہ سے میچ نہیں ہوپاتا ہے اور منسوخ ہوجاتا ہے تو ایسی صورتحال میں بھارت اور جنوبی افریقا دونوں کو ٹورنامنٹ کا مشترکہ فاتح قرار دیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔