روحانی دوست

علم الاعداد کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ


اعداد کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ فوٹو : فائل

صائم المصطفے صائم
واٹس اپ (0333-8818706)
فیس بک (Saim Almustafa Saim)

علمِ الاعداد سے نمبر معلوم کرنے کا طریقہ:
دو طریقے ہیں اور دونوں طریقوں کے نمبر اہم ہیں۔
اول تاریخ پیدائش دوم نام سے!
اول طریقہ تاریخ پیدائش:
مثلاً احسن کی تاریخ پیدائش 12۔7۔1990 ہے۔
ان تمام اعداد کو مفرد کیجیے، یعنی باہم جمع کیجیے:
1+2+7+1+9+9=29
29 کو بھی باہم جمع کریں (2+9) تو جواب 11 آئے گا۔
11 کو مزید باہم جمع کریں (1+1)
تو جواب 2 آیا یعنی اس وقت تک اعداد کو باہم جمع کرنا ہے جب تک حاصل شدہ عدد مفرد نہ نکل آئے۔ پس یعنی آپ کا لائف پاتھ عدد/نمبر ہے۔
گویا تاریخ پیدائش سے احسن کا نمبر 2 نکلا۔
اور طریقہ دوم میں:
سائل، سائل کی والدہ، اور سائل کے والد ان کے ناموں کے اعداد کو مفرد کیجیے
مثلاً نام ''احسن '' والدہ کا نام '' شمسہ'' والد کا نام '' راشد۔''
حروفِ ابجد کے نمبرز کی ترتیب یوں ہے:
1 کے حروف (ا،ء ،ی،ق،غ) ، 2 کے حروف (ب،ک،ر) ، 3 کے حروف (ج،ل،ش) ، 4 کے حروف (د،م،ت) ، 5 کے حروف(ہ،ن،ث) ، 6 کے حروف (و،س،خ) ، 7 کے حروف (ز،ع،ذ) ، 8 کے حروف (ح،ف،ض) ، 9 کے حروف (ط،ص،ظ) ، احسن کے نمبر (1،8،6،5)
تمام نمبروں کو مفرد کردیں:(1+8+6+5=20=2+0= 2 )
گویا احسن کا نمبر2 ہے۔ایسے ہی احسن کی والدہ ''شمسہ'' کا نمبر9 اور والد راشد کا نمبر1 بنتا ہے۔
اب ان تینوں نمبروں کا مفرد کرنے پر ہمیں احسن کا ایکٹیو یا لائف پاتھ نمبر مل جائے گا:
(2+9+1=12=1+2=3)
گویا علم جفر کے حساب سے احسن کے نام کا نمبر 3 نکلا!

علم الاعداد کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ
5تا 11 اگست 2024
پیر 5 اگست 2024
آج کا حاکم عدد 5 ہے۔ عالمی اور ملکی امن ایسے ہی ہے جیسے بارود کے ڈھیر پر بیٹھی فاختہ، اور بارود سے دھواں نکل رہا ہو۔ پرانے معاہدے کچھ ممالک کے گلے میں خاردار تار کے مانند لپٹ جائیں گے ۔ اچھے لوگ تماشائی بننے پر مجبور ہوجائیں گے۔ اگر 1،2،5،6،7 اور9 خصوصاً 1 کا عدد یا پیدائش کا دن اتوار ہے یا نام کا پہلا حرف ا،ی یا غ ہے تو آج کا دن آپ کے لیے بہتر دن ہوسکتا ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 3،4 اور8 خصوصاً 8 کا عدد یا پیدائش کا دن ہفتہ ہے یا نام کا پہلا حرف ح،ف یا ض ہے تو آپ کے لیے اہم اور کچھ مشکل بھی ہوسکتا ہے۔
آج کا صدقہ: کسی کی غلطی معاف کرنا بھی صدقہ ہے۔ 20 یا 200 روپے، سفید رنگ کی چیزیں، کپڑا، دودھ، دہی، چینی یا سوجی کسی بیوہ یا غریب خاتون کو بطورِ صدقہ دینا ایک بہتر عمل ہوگا۔ آج کا وردِخاص '' یارحیم، یارحمٰن، یااللّہ'' 11 بار، اول وآخر ایک بار درودشریف پڑھنا بہتر ہوگا۔ اسے کم از کم 11 بار لکھیں پھر اثرات ملاحظہ کیجیے!

منگل 6 اگست 2024
آج کا حاکم عدد 4 ہے۔ طبلِ جنگ بجنے جارہا ہے۔ عالمی حوالے سے ایران کو مجبور کردیا گیا ہے کہ وہ اعلانِ جنگ کرے۔ آج کا دن اہم ترین ہے۔ سرپرائز مل سکتا ہے۔ بہرحال مغرب کی سمت سے اچھی خبریں نہیں ہیں! 1،2،3،6،7 اور8 خصوصاً 2 کا عدد ہے یا آپ کی پیدائش کا دن پیر ہے یا نام کا پہلا حرف ب،ک یا ر ہے تو آپ کے لیے آج کا دن کافی حد تک بہتری لائے گا۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 4،5 اور9 خصوصاً 4 یا پیدائش کا دن اتوار ہے یا نام کا پہلا حرف ت،د یا م ہے تو آپ کے لیے کچھ مشکل ہوسکتی ہے۔
آج کا صدقہ: صبروتحمل کو مضبوطی سے تھامیں، آپ کی آزمائش کا دن ہے، غصہ پی جائیں یہ بہترین صدقہ اور تدبیر ہے۔ 90 یا 900 روپے، سرخ رنگ کی چیزیں ٹماٹر، کپڑا، گوشت یا سبزی کسی معذور سیکیوریٹی سے منسلک فرد یا اس کی فیملی کو دینا بہتر عمل ہوگا۔ آج کا وردِخاص: ''یاغفار، یاستار، استغفراللّہ العظیم'' 13 بار اول وآخر1 بار درودشریف پڑھنا بہتر ہوگا۔ اسے 13 بار لکھنے سے نتائج سو فی صد آپ کے حق میں ہوں گے!

بدھ7 اگست 2024
آج کا حاکم عدد1 ہے۔ صورت حال مبہم ہوسکتی ہے۔ ہوسکتا ہے آپ کا شعور اور لاشعور گڈمڈ ہوکے آپ کو دھند میں لا کھڑا کریں۔ ایسے وقت میں کوئی نیا قدم بالکل نہ اٹھائیں۔ سمجھ بوجھ کا دیا الٹا ہوچکا ہے۔ ایسے میں پرانے مسائل موجودہ عذاب بن سکتے ہیں۔ 1،2،4،5،6 اور9 خصوصاً 5 کا عدد یا پیدائش کا دن بدھ ہے یا نام کا پہلا حرف ہ،ث یا ن ہے تو آپ کے لیے آج دن کافی بہتر ہوسکتا ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 3،7 اور8 خصوصاً 7 یا پیدائش کا دن پیر یا نام کا پہلا حرف ع،ز یا ذ ہے تو کچھ معاملات میں رکاوٹ اور پریشانی کا اندیشہ ہے۔
آج کا صدقہ: ہوسکتا ہے کوئی آپ سے اپنی غلطی پر معذرت خواہ ہو، ایسا ہو تو درگزر سے کام لینا بھی صدقہ ہے۔ زردرنگ کی چیزیں یا 50 یا 500 روپے کسی مستحق طالب علم یا تیسری جنس کو دینا بہتر ہے۔ تایا، چچا، پھوپھی کی خدمت بھی صدقہ ہے۔ آج کا وردِخاص '' یاخبیرُ، یاوکیلُ، یااللہ'' 5 بار اول و آخر 1 بار درودشریف پڑھنا مناسب عمل ہوگا۔ ان اسمائے الٰہیہ کو 5 بار لکھنا آپ کے لیے سعادتوں کے دروازے سوفی صد کھول دے گا۔

جمعرات 8اگست 2024
آج کا حاکم عدد 9 ہے۔ تعطل، سستی، حادثے یا فساد کے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ آپ کے لیے اصل معاملے تک پہنچنا آسان نہ ہوگا۔ کئی خبریں بے بنیاد ثابت ہوں گی۔ ایسی صورت حال میں کوئی اہم فیصلہ بالکل نہ کریں تو بہتر ہے۔ 1،2،3،5،6 اور7 خصوصاً 6 کا عدد یا پیدائش کا دن جمعہ ہے یا نام کا پہلا حرف و،س یا خ ہے تو آپ کے لیے بہتر دن ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں4،8 اور9 خصوصاً 8 کا عدد یا پیدائش کا دن ہفتہ ہے یا نام کا پہلا حرف ح،ف یا ض ہے تو اندیشہ ہے کہ کچھ امور میںآپ کو مشکل ہوسکتی ہے۔
آج کا صدقہ: میٹھی چیز، 30 یا 300 روپے کسی مستحق نیک شخص کو دینا بہتر عمل ہوسکتا ہے، مسجد کے پیش امام کی خدمت بھی احسن صدقہ ہے۔ آج کا وردِخاص ''سورۂ فاتحہ کی تین بار تلاوت یا یا قدوس، یاوھابُ، یااللّہ'' تین بار اول و آخر ایک بار درودشریف پڑھنا بہتر عمل ہوگا۔ ان پاک ناموں کو تین بار لکھیں!

جمعہ 9اگست 2024
آج کا حاکم عدد 4 ہے۔ اس ہفتے کا ایک اور دن سرپرائز دے سکتا ہے۔ غیرمتوقع حالات اور اچانک نقصان کا ہونا جیسے معاملے ہوسکتے ہیں، خود کو مستعد رکھیں اور حالات کے مطابق خود کو ڈھال لیں! اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،2،3،6،7 اور8 خصوصاً 2 کا عدد یا پیدائش کا دن پیر ہے یا نام کا پہلا حرف ب،ک یا ر ہے تو آپ کے لیے بہتری کی امید ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش 4،5 اور9 کا عدد خصوصاً 4 یا پیدائشی دن اتوار یا جن کے نام کا پہلا حرف ت،د یا م ہے تو آپ کو محتاط رہنے کا مشورہ ہے۔
آج کا صدقہ: کسی سے میٹھے بول اور نرم لہجہ بھی صدقہ ہے۔ 60 یا 600 روپے یا 600 گرام یا 6 کلو چینی، سوجی یا کوئی جنس کسی بیوہ کو دینا بہترین عمل ہوسکتا ہے۔ آج کا وردِخاص ''سورۂ کہف ایک بار اور یاودود، یامعید، یااللّہ'' 11 بار ورد کرنا بہتر ہوگا اول و آخر ایک بار درودشریف لازمی پڑھ لیں۔ ان اسمائے الٰہی کو تین بار لکھیں!

ہفتہ10 اگست 2024
آج کا حاکم عدد 7 ہے۔ ممکن ہوسکے تو سیاحت کو نکل جائیں، مراقبہ اور وجدان سے کام لیں، روح کی آواز پر لبیک کہیں اور عقل کو ایک سمت رکھ دیں! اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 3،4،5،7،8 اور9 خصوصاً 8 کا عدد یا پیدائشی دن ہفتہ یا نام کا پہلا حرف ح،ف یا ض ہے تو آپ کے لئے ایک اچھا دن ہوسکتا ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،2 اور6 خصوصاً 6 کا عدد یا پیدائشی دن جمعہ یا نام کا پہلا حرف و،س یا خ ہے تو آپ کو محتاط رہنے کا مشورہ ہے۔
آج کا صدقہ: صبر اور خاموشی بہترین تدبیر ہے لمبے عرصے کی منصوبہ بندی کے لیے سازگار وقت ہے۔ 80 یا 800 روپے یا کالے رنگ کی چیزیں کالے چنے، کالے رنگ کے کپڑے سرسوں کے تیل کے پراٹھے کسی معذوریا عمررسیدہ مستحق فرد کو دینا بہتر عمل ہوسکتا ہے۔آج کا وردِخاص: کمی رزق کی ہو، سکون کی ہو یا راحتوں کی ہو اس ورد خاص کو اپنالیں ان شاء اللّہ بند دروزاے کھل جائیں گے۔ ''یافتاح، یاوھابُ، یارزاق، یااللّہ۔'' 8 بار اول و آخر 1 بار درودشریف کا ورد بہتر عمل ہوگا۔ تین بار لکھنا اس کے فوائد کو کئی گنا بڑھادے گا۔

اتوار 11اگست 2024
آج کا حاکم نمبر1 ہے۔نئی صورت حال سامنے آسکتی ہے۔ نیا راستہ یا نئی تجویز جو موجودہ حالات کی کشیدگی کو کم کرنے میں اہم ہوسکتی ہے۔ ایسے وقت میں انا کو ایک سمت رکھ دیں!اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،2،4،5،6 اور9 خصوصاً 5 کا عدد یا جن کا پیدائشی دن بدھ ہے یا نام کا پہلا ہ،ن یا ث ہے تو آپ کے لئے ایک اچھے دن کی امید ہے۔لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 3،7 اور8 خصوصاً 3 عدد یا جن کا پیدائشی دن جمعرات ہے یا نام کا پہلا حرف ج،ل یا ش ہے تو آپ کے لیے کچھ مشکل ہوسکتی ہے۔
آج کا صدقہ: 13یا 100 روپے یا سنہری رنگ کی چیزیں گندم، پھل، کپڑے، کتابیں یا کسی باپ کی عمر کے فرد کی خدمت کرنا بہتر ہوگا۔آج کا وردِ خاص '' یاحی، یاقیوم، یااللّہ'' 13 بار، اول و آخر 1بار درودشریف پڑھنا مناسب عمل ہوگا۔ اسے 13 بار لکھنا بہتر ہوگا!

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں