کراچی کچرا کنڈی سے ملنے والی 12 سالہ بچی کی بوری بند لاش کی شناخت ہوگئی

بچی کی شناخت گنگا ولد ہری چند کے نام سے ہوئی ہے جبکہ بچی کا تعلق باگڑی قوم سے ہے، ایس ایس پی ساؤتھ


Staff Reporter August 25, 2024
فوٹو: اسکرین گریب

صدر لکی سٹار کے قریب کچرا کنڈی سے ملنے والی 12 سالہ بچی کی بوری بند لاش کی شناخت ہوگئی۔

ایس ایس پی سائوتھ ساجد سدوزئی کے مطابق پولیس نے بچی کے ورثا کو تلاش کر لیا ہے جو کہ فریئر کے علاقے میں واقع للی برج کے قریب کے رہائشی ہیں، بچی کی شناخت گنگا ولد ہری چند کے نام سے ہوئی ہے جبکہ بچی کا تعلق باگڑی قوم سے ہے۔

پولیس کی جانب سے تفتیش کا عمل جاری ہے اور جلد واقعے سے جڑے حقائق سامنے لائے جائیں گے ، پولیس وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کررہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی؛ کچرا کنڈی سے 12سالہ بچی کی بوری بند تشدد زدہ لاش برآمد، زیادتی کی تصدیق

اس حوالے سے ایس ایچ او فریئر عرفان میو نے بتایا کہ زیادتی کے بعد قتل ہونے والی بچی کے اہل خانہ سے بات ہوئی ہے جن کا کہنا ہے کہ بچی گنگا گزشتہ رات 10 بجے گھر سے روٹی لینے کینٹ اسٹیشن کی طرف گئی تھی جس کے ساتھ اس کی دوست بھی موجود تھی۔

قتول بچی گنگا نے دوست کو گھر روانہ کردیا اور کہا کہ وہ آجائے گی جس کے بعد بچی کی لاش صدر تھانے کی حدود سے ملی ہے ، پولیس نے فیملی سے رابطہ کرلیا ہے اور اہل خانہ کی نشاندہی پر اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ پڑتال بھی کی جارہی ہے ۔

قبل ازیں بچی کی لاش کا جناح اسپتال میں پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا جس میں بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق ہوگئی۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کے مطابق مقتولہ بچی کی عمر 9 سے 11 سال کے درمیان ہے اور مقتولہ بچی کی فوری شناخت ممکن نہیں ہوسکی، پوسٹ مارٹم کے ابتدائی نتائج مقتولہ بچی کے ساتھ جنسی تشدد کی نشاندہی کرتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔