بھارت میں بننے والے مون سون سسٹم سے 31 اگست تک کراچی میں بارش کا امکان

موجودہ مون سون سسٹم کی شدت طوفان سے محض ایک درجہ کم ہے، تیز بارش کے ساتھ سمندر میں طغیانی کا خدشہ ہے، سردار سرفراز


آفتاب خان August 27, 2024
محکمہ موسمیات نے شہر میں تیز بارش کی پیش گئی کردی—فوٹو: فائل

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بھارت کے شہر گجرات میں بننے والا مون سون سسٹم کے باعث 31 اگست کراچی ڈویژن میں وقفے وقفے سے گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ چند مقامات موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری مون سون الرٹ کے مطابق بھارتی ریاست راجستھان میں موجود ڈیپ ڈپریشن مغرب کی جانب بڑھ گیا، ڈیپ ڈپریشن اس وقت بھارتی گجرات پر واقع ہے۔

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ 28 اگست کی رات سے 29 اگست کی صبح تک سست روی سے مغرب، جنوب مغرب کی طرف بڑھےگا، مون سون سسٹم رن آف کچھ اور شمال مشرقی بحیرہ عرب اور ملحقہ پاکستان کے ساحلوں تک پہنچنےکا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ 31 اگست تک کراچی ڈویژن میں وقفے وقفے سےگرج چمک، تیزہواؤں کے ساتھ چند مقامات پر موسلادھار،کہیں کہیں شدید موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں کراچی سمیت دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں اربن فلڈنگ کے خدشات برقرار ہیں، مذکورہ دورانیے میں دیہی سندھ کے اضلاع گھوٹکی، سکھر، خیرپور،کشمور، قمبر شہدادکوٹ، لاڑکانہ، جیکب آباد اور شکارپورمیں بھی گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ31 اگست تک تھرپارکر، بدین، ٹھٹھ، سجاول، حیدرآباد، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈوالہیار، مٹیاری، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، جامشورو، دادو، شہیدبےنظیرآباد میں وسیع پیمانے پر شدید بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو 31 اگست تک کھلے سمندر میں جانے سے گریز کا مشورہ دیا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفرازکے مطابق موجودہ مون سون سسٹم کی شدت طوفان سے محض ایک درجہ کم ہے، موجودہ سسٹم کراچی کے مشرق میں 570 کلومیٹر پر موجود ہے اور 29 اگست کی صبح سسٹم بحیرہ عرب میں داخل ہونےکا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ بحیرہ عرب میں داخل ہونے کے بعد سسٹم مزید شدت اختیار کرسکتا ہے، طاقت ور مون سون ہواؤں کا سسٹم سندھ بھر میں طوفانی بارشوں کا سبب بنے گا۔

سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ سسٹم شدت اختیار کرنے کے بعد کراچی کے جنوب مغرب میں داخل ہوگا، اس سسٹم کے زیر اثر کراچی میں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور سمندر میں شدید طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں 150 تا 200 ملی میٹر، ٹھٹھہ، بدین میں 300 تا 400 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش قائدآباد میں 52 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، گلشنِ حدید میں 46، نارتھ کراچی میں 30، ناظم آباد میں 26، سُرجانی میں 25، شارع فیصل،کیماڑی اور یونیورسٹی روڈ میں 16، کورنگی میں 15، صدر اور اولڈ ٹرمینل میں 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔