یہ لوگ مجھے ڈرا نہیں سکتے قتل کی دھمکیوں پر کنگنا رناوت کا ردعمل

اداکارہ کو اُن کی نئی فلم 'ایمرجنسی' کا ٹریلر ریلیز کرنے کے بعد سے قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں


ویب ڈیسک September 01, 2024
فلم نے 6 ستمبر کو سنیما گھروں کی زینت بننا ہے : فوٹو : فائل

بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت نے قتل کی دھمکیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کے مخالفین دھمکیوں سے اُنہیں ڈرا نہیں سکتے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا رناوت کو اپنی نئی فلم 'ایمرجنسی' کا ٹریلر ریلیز کرنے کے بعد سے قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں، فلم میں اداکارہ سابق بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

فلم کی ریلیز کے دوران جہاں کنگنا رناوت کو قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں تو وہیں کئی گروپس نے فلم کے بائیکاٹ کے لیے ریلیاں بھی نکالی ہیں، اب حالیہ انٹرویو میں اداکارہ نے دھمکیوں پر ردعمل دیا ہے۔

کنگنا رناوت نے اپنے مخالفین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ مجھے ڈرا نہیں سکتے، میں بھارت کی آواز مرنے نہیں دوں گی اور نہ ہی دھمکیوں کو فلم کی ریلیز پر اثرانداز ہونے دوں گی۔

مزید پڑھیں: کنگنا رناوت فلم 'ایمرجنسی' کو تاحال ریلیز کی اجازت نہ مل سکی

اداکارہ نے کہا کہ کوئی بھی سچائی کی آواز دبا نہیں سکتا، یہ لوگ مجھے دھمکیاں دیں یا میرے خلاف مہم چلائیں لیکن میں بھارت کی آواز کو مرنے نہیں دوں گی کیونکہ اگر آج میں ان کے خوف سے پیچھے ہٹ گئی تو یہ لوگ کل دوسرے فنکاروں کو بھی آگے بڑھنے نہیں دیں گے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ سب کو ڈرا دھمکا کر چُپ کروا دیں گے اور پھر اپنی مرضی سے تاریخ لکھیں گے، ایسا ہمارے ساتھ پہلے بھی کئی بار ہوچکا ہے، ہمیں جھوٹی تاریخ پڑھائی گئی ہے لیکن اب ہم فنکار یہ دوبارہ نہیں ہونے دیں گے۔

واضح رہے کہ کنگنا رناوت کی نئی آنے والی فلم 'ایمرجنسی' نے 6 ستمبر کو سنیما گھروں کی زینت بننا ہے لیکن بھارتی سینسر بورڈ نے تنازعوں کی وجہ سے فلم کی ریلیز کا سرٹیفیکیٹ روک دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔