کراچی سے سمندری طوفان مزید دور آج مطلع جزوی ابرآلود اور بونداباندی کا امکان

کراچی کا دوسرے روز بھی کم سے کم درجہ حرارت 23.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا


Web Desk September 01, 2024

سمندری طوفان اسنیٰ کے مزید دور ہونے سے شہر قائد میں مزید موسلا دھار بارش اور تندو تیز ہواؤں کا امکان ختم ہوگیا تاہم آج مطلع جزوی ابرآلود رہنے اور بوندا باندی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان سے متعلق نواں الرٹ جاری کیا ہے جس کے مطابق کراچی سے طوفان اسنیٰ مزید دور چلا گیا اور فاصلہ 500 کلو میٹر ہوگیا جبکہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں اورماڑہ سے 350 اور گوادر سے 260 کلو میٹر دور ہے۔

سمندری طوفان اسنیٰ جنوب مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے اور شدت میں بتدریج کمی آ رہی ہے۔

مزید پڑھیں؛ سمندری طوفان کا فاصلہ مزید بڑھ گیا، کراچی میں موسلادھار بارشوں کا امکان ختم

سندھ کے ماہی گیر آج سے اپنے شکار پر جا سکتے ہیں البتہ بلوچستان کے ماہی گیروں کو آج رات تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت برقرار ہے۔

کراچی کا دوسرے روز بھی کم سے کم درجہ حرارت 23.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں مختلف سمتوں سے 5 سے 15 کلو میٹر رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش کورنگی میں 6.6 ملی میٹر ہوئی جبکہ شارع فیصل پر 4، ماڑی پور میں 3، کیماڑی میں 2.5 اور ڈی ایچ اے میں 1.6 ملی میٹر بارش ہوئی۔ ناظم آباد، گلشنِ حدید اور صدر میں 1 ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔