برساتی پانی سے سڑکوں کو نقصان پہنچنا غیر معمولی بات نہیں میئر کراچی

اندرونی سڑکوں اور گلیوں سے پانی نکالنا ٹاؤن چیئرمینز کی ذمہ داری ہے، میئر کراچی


Staff Reporter September 01, 2024

میئر کراچی بیر سٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بارشوں کے اسپیل کے ختم ہونے کے بعد سڑکوں کی تعمیرو مرمت کا کام شروع کیا جارہا ہے، برساتی پانی سے سڑکوں کو نقصان پہنچنا غیر معمولی بات نہیں۔

کے ایم سی ہیڈ آفس میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مختلف علاقوں کی اندرونی سڑکیں اور گلیاں متعلقہ ٹاؤنز کی ذمہ داری ہیں اور برساتی پانی کی نکاسی کا عمل بھی ٹاؤنز نے ہی انجام دینا ہے، اس لئے میں تمام ٹاؤن چیئرمین اندرونی سڑکوں اور گلیوں سے پانی کی نکاسی کے عمل کو تیز کریں اور جن علاقوں میں برساتی پانی موجود ہے اسے صاف کریں۔

میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کی 106 سڑکیں اس وقت کلیئر ہیں جبکہ تمام انڈر پاسز میں بھی ٹریفک رواں دواں ہے، بلدیاتی اداروں نے برساتی پانی کی نکاسی کے لیے دن رات محنت کی اور گزشتہ سالوں کے مقابلے میں اس سال بہتر نتائج سب کے سامنے ہیں۔

دریں اثناء میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا، انہوں نے اس موقع پر کہا کہ تمام برساتی نالے صاف ہیں اور پانی کی نکاسی میں کوئی رکاوٹ نہیں، جن سڑکوں پر برساتی پانی جمع ہونے سے گڑھے پڑ گئے ہیں انہیں فوری بھرا جائے گا اور پہلے مرحلے میں سڑکوں کو موٹر ایبل بنایا جائے گا۔

میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے انفراسٹرکچر کو درست رکھنا ہمارا وژن ہے اور اس کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے، ہم اختیارات اور فنڈز کا رونا نہیں روئیں گے بلکہ کام کرکے دکھائیں گے، بلا وجہ تنقید ہمیں کام کرنے سے نہیں روک سکتی اور نہ ہی ہمارے حوصلے پست ہوں گے، محکمہ انجینئرنگ کو ہدایت کی گئی ہے کہ فوری طور پر سڑکوں کی تعمیر و مرمت شروع کرے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

پاکستان