روحانی دوست

پیر2تا اتوار8ستمبر 2024



صائم المصطفے صائم
واٹس اپ (0333-8818706)
فیس بک (Saim Almustafa Saim)

علمِ الاعداد سے نمبر معلوم کرنے کا طریقہ:
دو طریقے ہیں اور دونوں طریقوں کے نمبر اہم ہیں۔
اول تاریخ پیدائش دوم نام سے!
اول طریقہ تاریخ پیدائش:
مثلاً احسن کی تاریخ پیدائش 12۔7۔1990 ہے۔
ان تمام اعداد کو مفرد کیجیے، یعنی باہم جمع کیجیے:
1+2+7+1+9+9=29
29 کو بھی باہم جمع کریں (2+9) تو جواب 11 آئے گا۔
11 کو مزید باہم جمع کریں (1+1)
تو جواب 2 آیا یعنی اس وقت تک اعداد کو باہم جمع کرنا ہے جب تک حاصل شدہ عدد مفرد نہ نکل آئے۔ پس یعنی آپ کا لائف پاتھ عدد/نمبر ہے۔
گویا تاریخ پیدائش سے احسن کا نمبر 2 نکلا۔
اور طریقہ دوم میں:
سائل، سائل کی والدہ، اور سائل کے والد ان کے ناموں کے اعداد کو مفرد کیجیے
مثلاً نام ''احسن '' والدہ کا نام '' شمسہ'' والد کا نام '' راشد۔''
حروفِ ابجد کے نمبرز کی ترتیب یوں ہے:
1 کے حروف (ا،ء ،ی،ق،غ) ، 2 کے حروف (ب،ک،ر) ، 3 کے حروف (ج،ل،ش) ، 4 کے حروف (د،م،ت) ، 5 کے حروف(ہ،ن،ث) ، 6 کے حروف (و،س،خ) ، 7 کے حروف (ز،ع،ذ) ، 8 کے حروف (ح،ف،ض) ، 9 کے حروف (ط،ص،ظ) ، احسن کے نمبر (1،8،6،5)
تمام نمبروں کو مفرد کردیں:(1+8+6+5=20=2+0= 2 )
گویا احسن کا نمبر2 ہے۔ایسے ہی احسن کی والدہ ''شمسہ'' کا نمبر9 اور والد راشد کا نمبر1 بنتا ہے۔
اب ان تینوں نمبروں کا مفرد کرنے پر ہمیں احسن کا ایکٹیو یا لائف پاتھ نمبر مل جائے گا:
(2+9+1=12=1+2=3)
گویا علم جفر کے حساب سے احسن کے نام کا نمبر 3 نکلا!

علم الاعداد کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ
پیر2تا اتوار8ستمبر 2024

پیر 2 ستمبر 2024
آج کا حاکم عدد 3 ہے۔ 2کا عدد باربار متحرک ہورہا ہے۔ جذبات کا حاوی ہونا عقل کے قدموں کو لڑکھڑاسکتا ہے۔ معاملات میں توازن رکھنا ایک مشکل کام ہوسکتا ہے۔ چار بار 2کا آنا اداسی اور مایوسی جیسی کیفیت لاسکتا ہے۔ جذبات پر قابو رکھیں۔ آپ کی تاریخ پیدائش میں اگر 2،3،4،6،7،8 اور9خصوصاً 3 کا عدد یا پیدائش کا دن جمعرات ہے یا نام کا پہلا حرف ج، ل یا ش ہے تو آج کا دن آپ کے لیے بہتر دن ہوسکتا ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،5 اور6 خصوصاً 5 کا عدد یا پیدائش کا دن بدھ ہے یا نام کا پہلا حرف ہ، ن یا ث ہے تو آپ کے لیے اہم اور کچھ مشکل بھی ہوسکتا ہے۔

آج کا صدقہ: کسی کی غلطی معاف کرنا بھی صدقہ ہے۔ 20 یا 200 روپے، سفید رنگ کی چیزیں، کپڑا، دودھ، دہی، چینی یا سوجی کسی بیوہ یا غریب خاتون کو بطورِصدقہ دینا ایک بہتر عمل ہوگا۔ آج کا وردِخاص، ''یارحیم، یارحمٰن، یااللّہ'' 11 بار، اول وآخر ایک بار درودشریف پڑھنا بہتر ہوگا۔ اسے کم از کم 11 بار لکھیں پھر اثرات ملاحظہ کیجیے۔

منگل 3ستمبر 2024
آج کا حاکم عدد 2 ہے۔ چاند مریخ کی تپش میں آچکا ہے۔ جذباتی ہونے کے ساتھ غصہ اور طاقت کے استعمال پر مزاج مائل ہوسکتا ہے۔ ایسے میں طاقت اور نرمی کا مناسب استعمال کام یابی لاسکتا ہے۔ اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،3،4،5،8 اور9 خصوصاً 4 کا عدد ہے یا آپ کی پیدائش کا دن اتوار ہے یا نام کا پہلا حرف د، م یا ت ہے تو آپ کے لیے آج کا دن کافی حد تک بہتری لائے گا۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 2،6 اور7 خصوصاً 6 یا پیدائش کا دن جمعہ ہے یا نام کا پہلا حرف و، س یا خ ہے تو آپ کے لیے کچھ مشکل ہوسکتی ہے۔

آج کا صدقہ: صبر وتحمل کو مضبوطی سے تھامیں۔ آپ کی آزمائش کا دن ہے۔ غصہ پی جائیں۔ یہ بہترین صدقہ اور تدبیر ہے۔ 90 یا 900 روپے، سرخ رنگ کی چیزیں ٹماٹر، کپڑا، گوشت یا سبزی کسی معذور سیکیوریٹی سے منسلک فرد یا اس کی فیملی کو دینا بہتر عمل ہوگا۔ آج کا وردِخاص،''یاغفار، یاستار، استغفراللّہ العظیم'' 13 بار اول وآخر1 بار درودشریف پڑھنا بہتر ہوگا۔ اسے 13 بار لکھنے سے نتائج سوفی صد آپ کے حق میں ہوں گے!

بدھ4 ستمبر 2024
آج کا حاکم عدد 8 ہے۔ زمین، مکان، دکان یعنی ایسے تمام کام جو زمین اور عمارت سے منسلک ہیں کام یابی لاسکتے ہیں۔ اگر آپ ایسے کسی کام سے وابستہ ہیں تو امید ہے کام یابی ملے گی۔ تیزرفتاری اور غصہ نقصان لاسکتا ہے۔ 2،3،4،6،7 اور8 خصوصاً 7 کا عدد یا پیدائش کا دن پیر ہے یا نام کا پہلا حرف ع، ز یا ذ ہے تو آپ کے لیے آج دن کافی بہتر ہوسکتا ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،5 اور9 خصوصاً 9 یا پیدائش کا دن منگل یا نام کا پہلا حرف ص، ط یا ظ ہے تو کچھ معاملات میں رکاوٹ اور پریشانی کا اندیشہ ہے۔

آج کا صدقہ: ہوسکتا ہے کوئی آپ سے اپنی غلطی پر معذرت خواہ ہو۔ ایسا ہو تو درگزر سے کام لینا بھی صدقہ ہے۔ زردرنگ کی چیزیں یا 50 یا 500 روپے کسی مستحق طالب علم یا تیسری جنس کو دینا بہتر ہے۔ تایا، چچا، پھوپھی کی خدمت بھی صدقہ ہے۔ آج کا وردِخاص،''یاخبیرُ، یاوکیلُ، یااللّہ '' 5 بار اول و آخر 1 بار درودشریف پڑھنا مناسب عمل ہوگا۔ ان اسمائے الٰہیہ کو 5 بار لکھنا آپ کے لیے سعادتوں کے دروازے سوفی صد کھول دے گا۔

جمعرات 5ستمبر 2024
آج کا حاکم عدد 7 ہے۔ ایسے انداز میں کام ہوسکتا ہے کہ جسے دستِ غیب یعنی غیبی مدد کہا جاسکتا ہے۔ کچھ افراد کے لیے غیرمتوقع منفی حالات بھی ہوسکتے ہیں۔ 7 کا عدد مادی چیزیں گنوادیتا ہے۔ اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 3،4،5،7،8 اور9 خصوصاً 8 کا عدد یا پیدائش کا دن ہفتہ ہے یا نام کا پہلا حرف ح، ف یا ض ہے تو آپ کے لیے بہتر دن ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،2 اور6 خصوصاً1 کا عدد یا پیدائش کا دن اتوار ہے یا نام کا پہلا حرف ا، ی یا غ ہے تو اندیشہ ہے کہ کچھ امور میں آپ کو مشکل ہوسکتی ہے۔

آج کا صدقہ: میٹھی چیز، 30 یا 300 روپے کسی مستحق نیک شخص کو دینا بہتر عمل ہوسکتا ہے۔ مسجد کے پیش امام کی خدمت بھی احسن صدقہ ہے۔ آج کا وردِخاص،''سورۂ فاتحہ کی تین بار تلاوت یا یاقدوس، یاوھابُ، یااللّہ'' 3 بار اول و آخر 1 بار درودشریف پڑھنا بہتر عمل ہوگا۔ اللّہ کے ان پاک ناموں کو تین بار لکھیں!

جمعہ 6 ستمبر 2024
آج کا حاکم عدد 2 ہے۔ نشیب وفراز سے واسطہ رہے گا۔ وہ باطن کی دنیا ہو یا ظاہر کے امور جذبات و عقل دونوں کے مابین کشمکش رہ سکتی ہے۔ اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،3،4،5،8 اور9 خصوصاً 4 کا عدد یا پیدائش کا دن اتوار ہے یا نام کا پہلا حرف د، م یا ت ہے تو آپ کے لیے بہتری کی امید ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش 2،6 اور7 کا عدد خصوصاً 2 یا پیدائشی دن پیر یا جن کے نام کا پہلا حرف ب، ک یا ر ہے تو آپ کو محتاط رہنے کا مشورہ ہے۔

آج کا صدقہ: کسی سے میٹھے بول بولنا اور نرم لہجہ بھی صدقہ ہے۔60 یا 600 روپے یا 600 گرام یا6 کلو چینی، سوجی یا کوئی جنس کسی بیوہ کو دینا بہترین عمل ہوسکتا ہے۔ آج کا وردِخاص، ''سورۂ کہف ایک بار اور یاودود، یامعید، یااللّہ'' گیارہ بار ورد کرنا بہتر ہوگا۔ اول و آخر ایک بار درودشریف لازم پڑھ لیں۔ ان اسمائے الٰہی کو تین بار لکھیں!

ہفتہ 7 ستمبر 2024
آج کا حاکم عدد 5 ہے۔ 5کا عدد اور ہفتہ کا دن ایک ہی صورت میں دوست ہوسکتے ہیں، جب دو کا عدد بھی ساتھ متحرک ہو۔ ایسے افراد جو زمین اور عمارت سے متعلق کوئی بھی کام کرتے ہیں کو کام یابی ہوسکتی ہے لیکن یہاں کسی حادثے یا تلخی کے اندیشے کو رد نہیں کیا جاسکتا! اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،2،5،6،7 اور9 خصوصاً 1 کا عدد یا پیدائشی دن اتوار یا نام کا پہلا حرف ا، ی یا غ ہے تو آپ کے لیے ایک اچھا دن ہوسکتا ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 3،4 اور8 خصوصاً 3 کا عدد یا پیدائشی دن جمعرات یا نام کا پہلا حرف ج، ل یا ش ہے تو آپ کو محتاط رہنے کا مشورہ ہے۔

آج کا صدقہ: صبر اور خاموشی بہترین تدبیر ہے۔ لمبے عرصے کی منصوبہ بندی کے لیے سازگار وقت ہے۔ 80 یا800 روپے یا کالے رنگ کی چیزیں کالے چنے، کالے رنگ کے کپڑے، سرسوں کے تیل کے پراٹھے کسی معذور یا عمررسیدہ مستحق فرد کو دینا بہتر عمل ہوسکتا ہے۔آج کا وردِخاص، کمی رزق کی ہو، سکون کی ہو یا راحتوں کی ہو اس ورد خاص کو اپنالیں ان شاء اللّہ بند دروزاے کھل جائیں گے،'' یا فتاح، یاوھابُ، یارزاق، یااللّہ'' 8 بار اول و آخر 1 بار درودشریف کا ورد بہتر عمل ہوگا۔ تین بار لکھنا اس کے فوائد کو کئی گنا بڑھادے گا۔

اتوار8 ستمبر 2024
آج کا حاکم عدد 8 ہے۔ حکم رانی یا انتظامی عہدوں سے منسلک افراد کو مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ کسی اہم فرد کی صحت یا جان کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 2،3،4،6،6 اور 8 خصوصاً7 کا عدد یا جن کا پیدائشی دن پیر ہے یا نام کا پہلا ع، ز یا ذ ہے تو آپ کے لیے ایک اچھے دن کی امید ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،5 اور9 خصوصاً 5 عدد یا جن کا پیدائشی دن بدھ ہے یا نام کا پہلا حرف ہ، ن یا ث ے تو آپ کے لیے کچھ مشکل ہوسکتی ہے۔

آج کا صدقہ، 13 یا 100 روپے یا سنہری رنگ کی چیزیں گندم، پھل، کپڑے، کتابیں یا کسی باپ کی عمر کے فرد کی خدمت کرنا بہتر ہوگا۔ آج کا وردِخاص، ''یاحی، یاقیوم، یااللّہ'' 13 اول و آخر 1بار درودشریف پڑھنا مناسب عمل ہوگا۔ اسے 13 بار لکھنا بہتر ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔