روحانی دوست

علم الاعداد کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ


علم الاعداد کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

صائم المصطفے صائم
واٹس اپ (0333-8818706)
فیس بک (Saim Almustafa Saim)

علمِ الاعداد سے نمبر معلوم کرنے کا طریقہ:
دو طریقے ہیں اور دونوں طریقوں کے نمبر اہم ہیں۔
اول تاریخ پیدائش دوم نام سے!
اول طریقہ تاریخ پیدائش:
مثلاً احسن کی تاریخ پیدائش 12۔7۔1990 ہے۔
ان تمام اعداد کو مفرد کیجیے، یعنی باہم جمع کیجیے:
1+2+7+1+9+9=29
29 کو بھی باہم جمع کریں (2+9) تو جواب 11 آئے گا۔
11 کو مزید باہم جمع کریں (1+1)
تو جواب 2 آیا یعنی اس وقت تک اعداد کو باہم جمع کرنا ہے جب تک حاصل شدہ عدد مفرد نہ نکل آئے۔ پس یعنی آپ کا لائف پاتھ عدد/نمبر ہے۔
گویا تاریخ پیدائش سے احسن کا نمبر 2 نکلا۔
اور طریقہ دوم میں:
سائل، سائل کی والدہ، اور سائل کے والد ان کے ناموں کے اعداد کو مفرد کیجیے
مثلاً نام ''احسن '' والدہ کا نام '' شمسہ'' والد کا نام '' راشد۔''
حروفِ ابجد کے نمبرز کی ترتیب یوں ہے:
1 کے حروف (ا،ء ،ی،ق،غ) ، 2 کے حروف (ب،ک،ر) ، 3 کے حروف (ج،ل،ش) ، 4 کے حروف (د،م،ت) ، 5 کے حروف(ہ،ن،ث) ، 6 کے حروف (و،س،خ) ، 7 کے حروف (ز،ع،ذ) ، 8 کے حروف (ح،ف،ض) ، 9 کے حروف (ط،ص،ظ) ، احسن کے نمبر (1،8،6،5)
تمام نمبروں کو مفرد کردیں:(1+8+6+5=20=2+0= 2 )
گویا احسن کا نمبر2 ہے۔ایسے ہی احسن کی والدہ ''شمسہ'' کا نمبر9 اور والد راشد کا نمبر1 بنتا ہے۔
اب ان تینوں نمبروں کا مفرد کرنے پر ہمیں احسن کا ایکٹیو یا لائف پاتھ نمبر مل جائے گا:
(2+9+1=12=1+2=3)
گویا علم جفر کے حساب سے احسن کے نام کا نمبر 3 نکلا!

علم الاعداد کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ
پیر21 تا اتوار 27 اکتوبر 2024
پیر 21اکتوبر 2024
آج کا حاکم عدد 5 ہے۔ سفر، مطالعہ، میل ملاقات اور باہمی الجھے امور کو نرم لہجے سے سلجھانے کے لیے ایک اچھا دن ہے۔ اس سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ آپ کی تاریخ پیدائش میں اگر 1،2،5،6،7 اور9خصوصاً 1کا عدد یا پیدائش کا دن اتوار ہے یا نام کا پہلا حرف ا،ی اور غ ہے تو آج کا دن آپ کے لیے بہتر دن ہوسکتا ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 3،5 اور8 خصوصاً 8 کا عدد یا پیدائش کا دن ہفتہ ہے یا نام کا پہلا حرف ح،ف اور ض ہے تو آپ کے لیے اہم اور کچھ مشکل بھی ہوسکتا ہے۔
آج کا صدقہ: کسی کی غلطی معاف کرنا بھی صدقہ ہے۔ 20 یا 200 روپے، سفید رنگ کی چیزیں، کپڑا، دودھ، دہی، چینی یا سوجی کسی بیوہ یا غریب خاتون کو بطورِصدقہ دینا ایک بہتر عمل ہوگا۔ آج کا وردِخاص،''یارحیم، یارحمٰن، یااللّہ'' 11 بار، اول وآخر ایک بار درودشریف پڑھنا بہتر ہوگا۔ اسے کم از کم 11 بار لکھیں پھر اثرات ملاحظہ کیجیے!

منگل 22 اکتوبر 2024
آج کا حاکم عدد4 ہے۔ غیرمتوقع الجھنیں اور حالات سے دوچار ہونا پڑسکتا ہے ایسے حالات میں تیزرفتاری اور تلخی کلامی سے اجتناب کافی حد تک مشکلات کے سامنے ڈھال بن سکتا ہے۔ اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،2،3،6،7 اور8 خصوصاً 2کا عدد ہے یا آپ کی پیدائش کا دن پیر ہے یا نام کا پہلا حرف ب،ک یا ر ہے تو آپ کے لیے آج کا دن کافی حد تک بہتری لائے گا۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 4،5 اور9 خصوصاً4 یا پیدائش کا دن اتوار ہے یا نام کا پہلا حرف د،م یا ت ہے تو آپ کے لئے کچھ مشکل ہوسکتی ہے۔
آج کا صدقہ: صبروتحمل کو مضبوطی سے تھامیں، آپ کی آزمائش کا دن ہے، غصہ پی جائیں یہ بہترین صدقہ اور تدبیر ہے۔ 90 یا 900 روپے، سرخ رنگ کی چیزیں ٹماٹر، کپڑا، گوشت یا سبزی کسی معذور سیکیوریٹی سے منسلک فرد یا اس کی فیملی کو دینا بہتر عمل ہوگا۔ آج کا وردِخاص،''یاغفار، یاستار، استغفراللّہ العظیم'' 13 بار اول وآخر1 بار درودشریف پڑھنا بہتر ہوگا۔ اسے 13بار لکھنے سے نتائج سوفی صد آپ کے حق میں ہوںگے۔

بدھ 23 اکتوبر 2024
آج کا حاکم عدد1 ہے۔ کوئی اسکینڈل سامنے آسکتا ہے۔ اس میں اکاؤنٹس، سفر اور تعلیمی اداروں سے منسلک افراد متاثر ہوسکتے ہیں۔ یہاں تخت نشین بھی زد میں آسکتے ہیں۔ 1،2،4،5،6 اور9 خصوصاً 5 کا عدد یا پیدائش کا دن بدھ ہے یا نام کا پہلا حرف ہ،ن یا ث ہے تو آپ کے لیے آج دن کافی بہتر ہوسکتا ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 3،7 اور8 خصوصاً 8 یا پیدائش کا دن ہفتہ یا نام کا پہلا حرف ح،ض یا ف ہے تو کچھ معاملات میں رکاوٹ اور پریشانی کا اندیشہ ہے۔
آج کا صدقہ: ہوسکتا ہے کوئی آپ سے اپنی غلطی پر معذرت خواہ ہو۔ ایسا ہو تو درگزر سے کام لینا بھی صدقہ ہے۔ زرد رنگ کی چیزیں یا 50 یا 500 روپے کسی مستحق طالب علم یا تیسری جنس کو دینا بہترہے، تایا، چچا، پھوپھی کی خدمت بھی صدقہ ہے۔ آج کا وردِخاص،''یاخبیرُ، یاوکیلُ، یااللّہ'' 5 بار اول و آخر 1 بار درودشریف پڑھنا مناسب عمل ہوگا۔ ان اسمائے الٰہیہ کو 5 بار لکھنا آپ کے لیے سعادتوں کے دروازے سو فی صد کھول دے گا۔

جمعرات 24 اکتوبر 2024
آج کا حاکم عدد 9 ہے۔ توانائی اور ہمت سے انجام دیے گئے کام کچھ تلخی اور ذہنی یا جسمانی زخم کی وجہ بن سکتے ہیں۔ کوشش کریں کہ ایسی توانائی سے گریز کریں جو کسی ٹکراؤ کا پیش خیمہ ثابت ہو۔ اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،2،3،5،6 اور7 خصوصاً 6 کا عدد یا پیدائش کا دن جمعہ ہے یا نام کا پہلا حرف و،س یاخ ہے تو آپ کے لیے بہتر دن ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 4،8 اور9 خصوصاً 8 کا عدد یا پیدائش کا دن ہفتہ ہے یا نام کا پہلا حرف ح،ف یا ض ہے تو اندیشہ ہے کہ کچھ امور میں آپ کو مشکل ہوسکتی ہے۔
آج کا صدقہ، میٹھی چیز، 30 یا 300 روپے کسی مستحق نیک شخص کو دینا بہتر عمل ہوسکتا ہے، مسجد کے پیش امام کی خدمت بھی احسن صدقہ ہے۔ آج کا وردِخاص، سورۂ فاتحہ کی تین بار تلاوت یا ''یاقدوس، یاوھابُ، یااللّہ'' 3 بار اول و آخر 1 بار درودشریف پڑھنا بہتر عمل ہوگا۔ اللّہ پاک کے ان پاک ناموں کو تین بار لکھیں۔

جمعہ 25 اکتوبر 2024
آج کا حاکم عدد 4 ہے۔ ایک اور اہم دن جو غیرمتوقع حالات لاسکتا ہے یہ خوشی بھی ہوسکتی ہے اور تکلیف بھی۔ اس کا دارومدار آپ کے ذاتی اعداد پر منحصر ہے لیکن جو بھی ہوگا اچانک ہوگا۔ اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،2،3،6،7 اور8 خصوصاً 2کا عدد یا پیدائش کا دن پیر ہے یا نام کا پہلا حرف ب،ک یا ر ہے تو آپ کے لیے بہتری کی امید ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش 4،5 اور9 کا عدد خصوصاً 4 یا پیدائشی دن اتوار یا جن کے نام کا پہلا حرف د،م یا ت ہے تو آپ کو محتاط رہنے کا مشورہ ہے۔
آج کا صدقہ: کسی سے میٹھے بول اور نرم لہجہ بھی صدقہ ہے۔ 60 یا 600 روپے یا 600 گرام یا 6 کلو چینی، سوجی یا کوئی جنس کسی بیوہ کو دینا بہترین عمل ہوسکتا ہے۔ آج کا وردِخاص،''سورۂ کہف ایک بار اور ''یاودود، یامعید، یااللّہ'' 11 بار ورد کرنا بہتر ہوگا۔ اول و آخر ایک بار درود شریف لازمی پڑھ لیں۔ ان اسمائے الہی کو تین بار لکھیں۔

ہفتہ 26 اکتوبر 2024
آج کا حاکم عدد 7 ہے۔ جو کچھ نظر آرہا ہے جو کچھ حساب کتاب بتارہا ہے اس پر یقین نہ کیجیے، اپنے دل کی آواز سنیں۔ آج کا دن مراقبے کے لیے معاون ہے۔ اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں13،4،5،7، 8 اور9 خصوصاً 8 کا عدد یا پیدائشی دن ہفتہ یا نام کا پہلا حرف ح،ف یا ض ہے تو آپ کے لئے ایک اچھا دن ہوسکتا ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،2 اور6 خصوصاً 6 کا عدد یا پیدائشی دن جمعہ یا نام کا پہلا حرف و،س یا خ ہے تو آپ کو محتاط رہنے کا مشورہ ہے۔
آج کا صدقہ: صبر اور خاموشی بہترین تدبیر ہے لمبے عرصے کی منصوبہ بندی کے لیے سازگار وقت ہے۔ 80 یا 800 روپے یا کالے رنگ کی چیزیں کالے چنے، کالے رنگ کے کپڑے سرسوں کے تیل کے پراٹھے کسی معذوریا عمررسیدہ مستحق فرد کو دینا بہتر عمل ہوسکتا ہے۔ آج کا وردِخاص، کمی رزق کی ہو، سکون کی ہو یا راحتوں کی ہو اس وردخاص کو اپنالیں ان شاء اللّہ بند دروزاے کھل جائیں گے،''یافتاح، یاوھابُ، یارزاق، یااللّہ'' 8 بار اول و آخر 1 بار درودشریف کا ورد بہتر عمل ہوگا تین لکھنا اس کے فوائد کو کئی گنا بڑھادے گا۔

اتوار27 اکتوبر 2024
آج کا حاکم عدد 1ہے۔ کسی کام کی ابتدا کے لیے ایک معاون دن ہے۔ عزت اور شہرت کے لیے حالات سازگار ہوں گے۔ ایسے وقت میں کسی اعلٰی افسر سے ملاقات مفید ہوسکتی ہے۔ اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 1،2،4،5،6 اور9 خصوصاً 5 کا عدد یا جن کا پیدائشی دن بدھ ہے یا نام کا پہلا حرف ہ،ن یا ث ہے تو آپ کے لیے ایک اچھے دن کی امید ہے۔ لیکن اگر آپ کی تاریخ پیدائش میں 3،7 اور8 خصوصاً 3 عدد یا جن کا پیدائشی دن جمعرات ہے یا نام کا پہلا حرف ج،ل یا ش ہے تو آپ کے لیے کچھ مشکل ہوسکتی ہے۔
آج کا صدقہ: 13یا 100 روپے یا سنہری رنگ کی چیزیں گندم، پھل، کپڑے، کتابیں یا کسی باپ کی عمر کے فرد کی خدمت کرنا بہتر ہوگا۔ آج کا وردِخاص، ''یاحی، یاقیوم، یااللّہ'' 13 بار اول و آخر 1بار درودشریف پڑھنا مناسب عمل ہوگا۔ اسے 13 بار لکھنا بہتر ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں