26ویں آئینی ترمیم سیاسی و معاشی استحکام میں سنگ میل ہے، وزیراعظم

جوڈیشل بینچ کے قیام سے عام آدمی کو سہولت ملے گی، وزیراعظم شہباز شریف


ویب ڈیسک October 22, 2024

ISLAMABAD:

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم سیاسی و معاشی استحکام میں سنگ میل ہے اور ملکی ترقی و خوشحالی کا باعث بنے گی۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، ترمیم میں صدر مملکت، بلاول بھٹو اور نواز شریف کا بھرپور تعاون رہا جبکہ مولانا فضل الرحمان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم پر حکومت میں شامل اتحادیوں کے ساتھ مشاورت ہوئی، یہ ترمیم سیاسی رہنماؤں کے درمیان مشاورت کی عکاس ہے۔ آئینی ترمیم 2006 میں طے پانے والے میثاق جمہوریت کی تکمیل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جوڈیشل بینچ کے قیام سے عام آدمی کو سہولت ملے گی اور کئی سالوں سے التوا کا شکار کیسز حل ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایس سی او کانفرنس کے حوالے سے بھی اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے بھرپور معاونت کی اور پاکستان میں ہونے والی ایس سی او کانفرنس کو کامیاب کروایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ 11 سال بعد چینی وزیراعظم کا دورہ کامیاب تھا جو پاکستان اور چین کی دوستی کو مضبوط کرے گا۔

معاشی استحکام سے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے مہنگائی کی شرح 6.9 فیصد پر آ چکی ہے جبکہ پالیسی ریٹ میں بھی کمی آ چکی ہے اور مزید کمی کا امکان ہے۔

اسرائیلی جارحیت سے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی مظالم جاری ہیں جس میں بے گناہ مسلمانوں کا خون بہایا جا رہا ہے، پاکستان غزہ اور لبنانی بہن بھائیوں کے لیے امدادی سامان کی ترسیل کو یقینی بنا رہا ہے۔ قوم سے گزارش ہے کہ امدادی سامان کی ترسیل حکومت کا ساتھ دے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

پاکستان