انقلاب کیلیے نظریاتی کارکن ہراول دستہ بن جائیں الطاف حسین

رابطہ کمیٹی کے ا رکان گلفراز خان اور یوسف شاہوانی سے قائد تحریک کی ٹیلی فون پر گفتگو


Express Desk December 14, 2012
رابطہ کمیٹی کے ا رکان گلفراز خان اور یوسف شاہوانی سے قائد تحریک کی ٹیلی فون پر گفتگو۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے پختون رکن گلفراز خان اور بلوچ رکن یوسف شاہوانی سے خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ٹیلی فون کرکے گفتگو کی اور ان سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں تنظیمی کاموں کی تفصیلات معلوم کیں۔

انھوں نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے شہروں ، ایک ایک گائوں اور دیہی علاقوں کے ظاہری اور گمنام کارکنوں کو گلفراز خان خٹک اور یوسف شاہوانی کے ذریعے اپنی جانب سے سلام، دعائیں اور بہت بہت پیار بھی پہنچایا اور کہا کہ وہ حالات کی مناسبت کو دیکھتے ہوئے تنظیمی کاموں کو مزید تیز کردیں اور سینہ بہ سینہ ایم کیو ایم کے پیغام کو تیزی سے پھیلائیں کیونکہ بہت جلد ایم کیو ایم ان علاقوں میں جلسے اور جلوسوں کا آغاز کرنے جارہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ انقلاب اور عوامی حکمرانی کے قیام کے لیے ایماندار، باصلاحیت، اچھے اور نظریاتی کارکنان مائوں ، بہنوں، بچوں ، بچیوں اور طلبہ وطالبات تک حق پرستی کا پیغام پہنچائیں تاکہ وہ ایم کیو ایم کا ہراول دستہ بن جائیں۔

4

علاوہ ازیں الطاف حسین نے سانحہ قصبہ و علی گڑھ کے شہداکو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم کی جدوجہد بے شمار شہدا کی لازوال قر بانیوں سے عبارت ہے اور انہی شہدا کی بدولت آج ایم کیوایم کا نظریہ ملک بھر میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ملک بھر میں حق پرستی کا بول بالا ہوگا ۔

14دسمبر1986 سانحہ قصبہ و علی گڑھ کے شہدا کی26ویں برسی کے موقع پر اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ سانحہ قصبہ و علی گڑھ ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے اور اس دن سفاک درندہ صفت مسلح دہشت گردوں نے قصبہ علی گڑھ اور اورنگی ٹائون پر حملہ کرکے 6گھنٹے تک جدید آتشی ہتھیاروں سے بے دریغ فائرنگ کی اور سینکڑوں معصوم بچوں ،بچیوں، نوجوانوں ، بزرگوں اور خواتین کا قتل عام کیا، انھیں زندہ آگ میں جلایا گیا ، گھروں کو نذر آتش کردیا گیا اور ظلم و بربریت کی انتہا کردی گئی ۔

انہوں نے کہاکہ6گھنٹے تک معصوم اور بے گناہ لوگوں کو فائرنگ کرکے بیدردی سے قتل کرنے والے سفاک دہشت گرد آج تک قانون کی گرفت سے محفوظ ہیں ۔ انہوں نے صدرآصف زرداری اور وزیراعظم پرویز اشرف سے مطالبہ کیا کہ سانحہ قصبہ و علی گڑھ کی اعلیٰ سطح تحقیقات کرائی جائے اور اس میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو کیفر کردار تک پہنچایاجائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں