مستحکم بیٹنگ پر کاری ضرب کیلیے پیس ہتھیار تیار

مصنوعی روشنیوں میں حسن علی، رومان، سہیل ودیگر کے طویل سیشنز


Sports Reporter/Abbas Raza September 10, 2017
قذافی اسٹیڈیم مکمل سج گیا،جارحانہ اسٹروکس کیلیے موزوں پچز تیار۔ فوٹو : فائل

ورلڈ الیون کی مستحکم بیٹنگ لائن پر کاری ضرب لگانے کیلیے پیس ہتھیار تیار کرلیے گئے۔

آزادی کپ سیریز میں مضبوط ورلڈ الیون کا سامنا کرنے کیلیے گرین شرٹس کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں،تربیتی کیمپ کے تیسرے روز 3گھنٹے کا طویل پریکٹس سیشن قذافی اسٹیڈیم لاہورکی مصنوعی روشنیوں میں ہوا، کیریبیئن لیگ کھیل کر واپس آنے والے شاداب خان اور شادی کی تقریبات کے بعد رومان رئیس نے بھی اسکواڈ کو جوائن کرلیا، ادھر گھرمیں ننھے مہمان کی آمد کے منتظر محمد عامر کی واپسی کے حوالے سے صورتحال ابھی تک واضح نہیں ہے، مہمان ٹیم کی مستحکم بیٹنگ لائن کے سامنے تجربہ کار پیسر کی کمی محسوس ہوگی۔

موجودہ غیر یقینی صورتحال میں دیگر پیسرز کو توقعات کا بوجھ اٹھانے کیلیے تیار کرنے پرگزشتہ روز کیمپ میں خصوصی توجہ دی گئی جہاں پر حسن علی، رومان رئیس، سہیل خان اور عثمان شنواری نے بولنگ کوچ اظہر محمود کی رہنمائی میں طویل سیشنز کیے، فاسٹ بولنگ آل راؤنڈرز فہیم اشرف اور عامر یامین بھی نیٹ میں سرگرم رہے، ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بھی ان کی لائن اور لینتھ کاجائزہ لیتے ہوئے مشورے دیے، اسپنرز شاداب خان اور محمد نواز نے میدان کے ایک طرف نیٹ میں اپنی صلاحیتیں نکھارنے کاکام کیا۔

فخر زمان، بابر اعظم اور عمرامین کو پیسرز کی گیندوں پر رنز بنانے کا ٹاسک دیا گیا،فہیم اشرف نے کھل کر جارحانہ اسٹروکس کھیلے، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور بیٹسمینوں کی غلطیوں کی نشاندہی کرتے نظر آئے، اسٹیورکسن نے فیلڈنگ ڈرلز میں مشکل کیچز تھامنے کی مشق کرائی اور ہر اچھی کوشش پر کرکٹرز کو داد بھی دی۔

دوسری جانب ورلڈ الیون کی آمد کا منتظر قذافی اسٹیڈیم پوری طرح سے سجا دیا گیا، گزشتہ روز 40کے قریب ورکرز صفائی ستھرائی میں مصروف رہے،پچز پر رولرز پھیرنے کا سلسلہ بھی جاری رہا،ٹرفس کی چمک دیکھ کر کہا جا سکتا ہے کہ یہاں بیٹسمینوں کو جارحانہ اسٹروکس کھیلنے کا بھرپور موقع ملے گا،میدان اور اطراف کے ساتھ مال روڈ سے لے کر اسٹیڈیم تک کا روٹ بھی روشنیوں سے جگمگا رہا ہے۔

ادھر ورلڈ الیون میں شامل بیشتر کرکٹرز گزشتہ روز دبئی پہنچ گئے،7ملکوں کے کھلاڑیوں پر مشتمل مہمان اسکواڈ اتوار کو بھرپور نیٹ سیشن کرے گا۔

دریں اثنا آزادی کپ سیریز میں فرائض سرانجام دینے کیلیے آئی سی سی میچ ریفری رچی رچرڈسن لاہور پہنچ گئے، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پی سی بی اسٹاف نے سابق ویسٹ انڈین کپتان کا پُرتپاک استقبال کیا، آئی سی سی آفیشل کو سخت سیکیورٹی میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی بلٹ پروف گاڑی کے ذریعے ایئرپورٹ سے ہوٹل پہنچایا گیا، انھوں نے پاکستان روانگی کیلیے جہاز میں بیٹھے ہوئے ایک مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ میں آرہا ہوں، بعد ازاں لاہور میں پہنچ کر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان آمد اور ایک تاریخی موقع کا حصہ بننے پر فخر محسوس کررہا ہوں، میں سیریز میں ذمہ داریاں نبھانے کے حوالے سے خاصا پُرجوش ہوں، انٹرنیشنل کرکٹ کو ترسے ہوئے ملک میں ان مقابلوں کا انعقاد کرنے پر پی سی بی اور آئی سی سی مبارکباد کے مستحق ہیں۔

واضح رہے کہ سیریز کیلیے امپائرز پینل میں علیم ڈار، احسن رضا، شوذب رضا، احمد شہاب اور احسن رضا شامل ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔