شادی کے بعد شوہرنے کام کرنے سے روک دیا تھا: سعدیہ امام کا اعتراف

ویب ڈیسک  جمعرات 10 اکتوبر 2024
خواتین کے کام سے متعلق معاشرے کی مخصوص ذہنیت کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ (فوٹو: فائل)

خواتین کے کام سے متعلق معاشرے کی مخصوص ذہنیت کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ (فوٹو: فائل)

پاکستان شوبز کی سینئر اداکارہ سعدیہ امام نے نجی چینل کے مارننگ شو میں یہ اعتراف کیا ہے کہ شادی کے بعد ان کے شوہر نے انھیں شوبز میں کام کرنے سے روک دیا تھا۔

سعدیہ امام شادی کے بعد طویل عرصے تک شوبز سے دور رہیں، تاہم چند سال سے وہ ٹی وی کے پروگراموں اور شوبز کی تقریبات میں دکھائی دے رہی ہیں۔

اس سے قبل 2020 میں انھوں نے ایک انٹرویو میں اپنے شوبز چھوڑنے کی خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے شوبز کو نہیں چھوڑا اور نہ ہی انھیں ان کے شوہر نے روکا ہے۔

تاہم اب سعدیہ امام نے اس بات کا اقرار کیا ہے کہ ان کے شوہر عدنان حیدر نے اپنی انا کی وجہ سے انھیں شوبز میں کام کرنے سے روک دیا تھا۔

اداکارہ نے یہ اعتراف نجی چینل کے مارننگ شو میں کیا جہاں وہ شادی سے پہلے اور بعد کے معاملات پر خواتین کے مسائل پر بات کررہی تھیں، اس پروگرام میں انھوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والی مشکلات کا بھی تذکرہ کیا۔

سعدیہ نے شکوہ کیا کہ وہ شوبز میں مزید کام کرنا چاہتی تھیں اور ان میں ٹیلنٹ تھا لیکن ان کے شوہر نے انھیں کام کرنے سے روک دیا۔ اور اس کی وجہ کچھ بھی نہیں تھی، یہ صرف ان کے شوہر کی انا کے مسئلے کی وجہ سے تھا۔

اداکارہ نے شادی کے بعد کام کرنے کی خواہش رکھنے والی خواتین کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سماج میں ایک خاص ذہنیت ہے جسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے اور ایسی ذہنیت ٹی وی پروگرامز سمیت دوسرے ذرائع سے تبدیل ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔