چولستان میں غیر قانونی شکار پر کارروائی، 5شکاری چار ذبح شدہ ہرنوں سمیت گرفتار

آصف محمود  بدھ 26 جون 2024
فائل فوٹو

فائل فوٹو

 لاہور: پنجاب وائلڈ لائف نے صحرائے چولستان میں ہرنوں کے غیر قانونی شکار پر بااثر افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پانچ شکاریوں کو چار ذبح شدہ ہرنوں سمیت گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق چولستان ایریا کی خان چیک پوسٹ ٹوکن والا، وائلڈ لائف پروٹیکشن کیمپ ٹوک والا اور وائلڈ لائف پروٹیکشن کیمپ 7/15 ٹبہ پر موجود وائلڈ لائف کے عملے کو شکار کرنے والی پارٹی سے متعلق آگاہ کیا گیا جبکہ وائلڈ لائف چیک پوسٹ سوریان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف رحیم یار خان اسکواڈ کو ہائی الرٹ بھیجا گیا۔

وائلڈ لائف کے عملے نے اطلاع دی کہ شکار کرنے والی گاڑی گوپالا ٹبہ کے علاقے میں ہے۔ تعاقب کرنے پر وائلڈ لائف ٹیم نے ڈیمائننگ چوک کے قریب شکار کرنے والی گاڑی کو روک کر تلاشی لی تو ملزمان کے قبضے سے شکار شدہ ہرن برآمد ہوئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف رحیم یار خان بھی موقع پر پہنچ گئے۔

وائلڈ لائف حکام نے غیر قانونی شکار میں ملوث پانچ ملزمان سعید اللہ نیازی، ڈاکٹر محمد انور، ذوالفقار علی، پیر بخش اور محمد حسن کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضہ سے 4 ذبح شدہ چنکارا، دو رائفلیں برآمد کی گئیں جبکہ گاڑی بھی ضبط کر لی گئی۔

ملزمان کے خلاف پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ 1974 (ترمیم شدہ 2007) اور پنجاب پروٹیکٹڈ ایریاز ایکٹ 2020 کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف رحیم یار خان کا کہنا ہے کہ غیر قانونی شکاریوں کے خلاف یہ ایک بڑی کامیابی ہے، ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔