لاہور؛ دو کروڑ کی ڈکیتی کا ڈرامہ رچانے والا ملزم ساتھیوں سمیت گرفتار

ویب ڈیسک  بدھ 26 جون 2024
ڈکیتی کی جھوٹی کال کرنے والا ملزم عمران ساتھیوں سمیت پولیس کی حراست میں ( فوٹو؛ ایکسپریس نیوز)

ڈکیتی کی جھوٹی کال کرنے والا ملزم عمران ساتھیوں سمیت پولیس کی حراست میں ( فوٹو؛ ایکسپریس نیوز)

 لاہور: شاہدرہ میں دوکروڑ روپے کی ڈکیتی کا ڈرامہ رچانے والے ملزم اور اس کے ساتھیوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ 

پولیس کے مطابق عمران نامی شخص نے کال کی کہ چار ڈاکو اس سے دو کروڑ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے ہیں جس پر پولیس نے  موقع پر پہنچ کر سی سی ٹی وی سمیت شواہد اکٹھے کیے۔

شواہد  کی روشنی میں ڈکیتی کی  واردات مشکوک معلوم ہونے پر پولیس نے تفتیش  کا آغاز کیا  اور ڈکیتی کی واردات کی کال کرنے والے شخص عمران سمیت چاروں افراد سے الگ الگ بیانات لیے گئے۔

پولیس کے مطابق تمام افراد کے بیانات میں خاصا تضاد پایا گیا  جس پر تفتیش کی گئی تو ملزم عمران نے جھوٹی کال کرنے کا اعتراف کرلیا۔

تفتیش پر پتا چلا کہ ملزم عمران نے ننکانہ صاحب میں کسی پارٹی کا دوکروڑ دینا تھا اور پارٹی کو چکما دینے کے لیے جھوٹی ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عمران اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔