کراچی میں مون سون کے اثرات نمودار، گرد آلود ہوائیں اور بوندا باندی

اسٹاف رپورٹر  بدھ 26 جون 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: مون سون سسٹم کے اثرات، بدھ کی سہ پہرشہر کے مختلف علاقوں میں آندھی کے دوران معمول سے تیز گرد آلود ہوائیں چلیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو شہر کا موسم گزشتہ کئی روز کی طرح گرم ومرطوب رہا، صبح سے دوپہرکے درمیان سمندری ہوائیں غیرفعال رہیں جبکہ بلوچستان کی شمال مغربی سمت کی ہواؤں نے شہرکا رخ کیا، اس دوران شدید حبس و حدت محسوس کی گئی اورہیٹ ویو جیسی صورتحال رہی، شہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری جبکہ ہوا میں نمی کاتناسب 48 فیصد رہا، ہیٹ انڈیکس 50 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، کچھ  علاقوں میں پھواراوربوندا باندی بھی ہوئی۔

سہ پہرکے وقت اچانک شہرکا موسم تبدیل ہوا جس کے دوران ابتدا میں شہرکے مضافاتی علاقوں گڈاپ وسرجانی ٹاؤن میں اچانک آندھی چلی اوراس دوران تیزرفتارگرد آلود ہوائیں ریکارڈ ہوئیں، جس کی رفتار54 کلومیٹرفی گھنٹہ رہی، بعد ازاں شہر کے دیگر علاقوں کورنگی، فیڈرل بی ایریا، عائشہ منزل اور واٹرپمپ سمیت دیگرعلاقوں میں بھی گرد آلود ہوائیں چلیں۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹرکی پیش گوئی کے مطابق صوبے میں آئندہ 3 روزکے دوران موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے، جمعرات اور جمعہ کو  پارہ 37 تا 39 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے، جمعہ کو شہر کے مضافاتی علاقوں میں کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گھوٹکی، جیکب آباد، دادو، لاڑکانہ، شکارپور، قمبرشہداد کوٹ اورکشمور میں پارہ 47 تا 49 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ سکھر، خیرپور، نوشہروفیروز، سانگھڑ، شہید بے نظیرآباد میں درجہ حرارت 45 تا 47 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈوالہیار، ایم ٹی خان، میرپورخاص،عمرکوٹ، ٹھٹھہ، سجاول اور بدین میں پارہ 42 تا 44 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے، بدھ  کو دیہی سندھ میں سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جومعمول کے درجہ حرارت سے 3.7 ڈگری زیادہ تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔