ایم کیو ایم حقیقی کا کراچی کے مسائل اور لوڈشیڈنگ کیخلاف آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 27 جون 2024
آفاق احمد اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کررہے ہیں (فوٹو ایکسپریس)

آفاق احمد اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کررہے ہیں (فوٹو ایکسپریس)

  کراچی:  مہاجر قومی موؤمنٹ (ایم کیو ایم حقیقی) کے چیئرمین آفاق احمد نے شہر کے مسائل کے حل کی جدوجہد اور کے الیکٹرک کے ظلم کیخلاف یکم جولائی کو کراچی میں آل پارٹیز کانفرنس  منعقد کرنے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شامل جماعتوں کی رائے لی جائے گی اور پھر اُس کی روشنی میں ایک مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، ہم کراچی کے عوام کے ساتھ ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہرممکن جدوجہد جاری رکھیں گے۔

آفاق احمد نے کہا کہ وفاق نے بجٹ میں کراچی کو نظر انداز کیا ہے، سوا سو ارب کے کے فور کے منصوبے کیلئے صرف 25 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ وفاق نے ملک کو سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے شہر کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا ہے جبکہ تعلیمی اشیاء پر ٹیکس لگا کر ملک میں تعلیم کی فروغ پر قدغن لگا لگائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کیلئے جو رقم رکھی گئی ہے اس کی آدھی رقم بھی تعلیم کیلئے مختص نہیں کی گئی، اس سے وفاقی حکومت کی ترجیحات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس عوام دشمن بجٹ کو منظور نہ کریں۔

آفاق احمد نے کہا کہ کراچی میں انڈسٹریل پلاٹوں کو کمرشل پلاٹوں میں تبدیل کیا جا رہا یے، صنعتی پلاٹوں کی کمرشل پلاٹوں میں تبدیلی سے کراچی سے صنعتیں کراچی سے باہر منتقل ہو رہی ہیں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سپریم کورٹ کے حکم کے خلاف کراچی میں صنعتی پلاٹوں کی تبدیلی کی تحقیقات کرائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی بجٹ میں بھی کراچی اور حیدرآباد میں ترقیاتی منصوبوں کو نظرانداز کیا ہے، دونوں شہروں کی ترقی کیلئے بہت معمولی رقم رکھی گئی ہے۔ آفاق احمد نے کہا کہ کے الیکٹرک کی بلنگ کا طریقہ کار انتہائی ظالمانہ ہے لہذا اسے فوری تبدیل کیا جائے، دو سو یونٹ سے دو سو ایک یونٹ ہونے پر بل پزاروں روپے بڑھ جاتا ہے۔

مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کراچی میں شجر کاری کریں، انہوں نے اپنے کارکنوں کو بھی شجر کاری کی ہدایت کی اور کہا کہ گرمی بے حد بڑھ گئی ہے اور موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔